لاہور(میاں رئوف)پنجاب پولیس کے انٹرنل احتسابی عمل کو موثر بناتے ہوئے رئیس پولیس افسروں اور ملازمین کے گرد گھیر تنگ کرنے کا فیصلہ۔ اثاثے کیسے اور کہاں سے بنائے ؟ پنجاب پولیس میں مستقل بنیادوں پرسسٹم کی تیاری شروع کر دی گئی، کانسٹیبل سے لے کرآئی جی تک سبھی جوابدہ ہوں گے ، ابتداء سیا سی اثر رسوخ پر من پسند تعیناتیاں لینے والوں سے کیجائے گی ۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے واضح کیا ہر مکتبہ فکر سے وابستہ افراد بالخصوص عوام کی جانب سے پولیس فورس کے بارے میں پائے جانے والے تحفظات کے خاتمہ کے لئے اشد ضرری ہے کہ پولیس فورس اور اس کے ذیلی اداروں میں خود احتسابی کا ایسا عمل بنایاجائے ، جو کسی شخص کے تابع نہ ہو ، پولیس سروس کا گراف بہتر بنانے کے لئے ، اس کی استعداد کار میں بہتری لانے کے لئے ہر طرح کے وسائل کی فراہمی کا حکومتی ویژن واضح ہونا ضروری ہے ، یہ بھی ضروری ہے کہ فورس کے ذمہ داران بھی فورس کی بہتری کیلئے آگے بڑھیں، پولیس فورس کے سربراہ کی جانب سے اعلی انتظامی آفیسرز کوکہا گیا ہے کہ وہ پولیس کے موجودہ انٹرنل احتسابی عمل کی خامیوں کی نشاندہی کریں اور تجاویز دیں تاکہ ایسے پولیس ملازمین اور افسر جن کے اثاثے ملازمت شروع کرنے کے بعد سے مسلسل بڑھے ہیں، ان کے گرد گھیرا تنگ کرنے میں آسانی رہے ۔