لاہور، ملتان، پشاور (جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر، خبر نگار) گرینڈ ہیلتھ الائنس نے ہسپتالوں کی نجکاری کے خلاف احتجاج جاری رکھنے کا اعلان کردیا اور کہا ہے کہ پنجاب بھر کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور، آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی اور پتھالوجی سمیت تمام الیکٹیو سروسزآج بروز پیر بھی معطل رہیں گی، گرینڈ ہیلتھ الائنس حکومتی ضد اور ہٹ دھرمی کے باعث آج بھی پنجاب بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں کام چھوڑ کر احتجاج ریکارڈ کرایا جائے گا ۔ گرینڈ الائنس کے رہنما ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ مہینوں کے پُرامن احتجاج پر حکومتی عہدیداروں کی جانب سے کان نہ دھرنے کی وجہ سے سروسز معطلی کا انتہائی قدم اٹھانا پڑا، ہمیں مریضوں کے دکھ درد کا مکمل احساس ہے مگر ہم کسی بھی صورت میں سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری نہیں ہونے دیں گے ، حکومت کی طرف سے حقائق کے منافی بیان بازی اور منفی پراپیگنڈا کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ طے شدہ پلان کے مطابق پنجاب بھر میں آؤٹ ڈور، آپریشن تھیٹرز، ریڈیالوجی اور پتھالوجی سمیت تمام الیکٹیو سروسز معطل رہیں گی۔ڈاکٹر سلمان حسیب نے کہا کہ مصدقہ اطلاعات کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اگلا اجلاس پیر سے شروع ہونے جا رہا ہے ، اجلاس میں ایم ٹی آئی ایکٹ منظور کیا گیا تو الیکٹیو سروسز کے ساتھ ساتھ ان ڈور سروسز بھی فی الفور معطل کر دی جائیں گی، ملتان میں بھی میڈٰکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ کیخلاف آج نشتر ہسپتال اور چلڈرن ہسپتال میں احتجاجی مظاہرہ اور ہڑتال کی جائے گی۔ دوسری طرف خیبر پختونخوا میں ڈاکٹروں نے 18 ویں روز بھی احتجاج جاری رکھا، مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، صوبہ بھر میں ایمرجنسی سروسز کے علاقے تمام سروسز کا بائیکاٹ کیا گیا،حکومت کی جانب سے ہر حال میں ریجنل اور ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی بل پاس کرنے اور ڈاکٹروں کے کسی بھی صورت بل پر عمل نہ کرنے کے فیصلے سے صحت کا نظام درہم برہم ہوگیا۔