لاہور/ کراچی/کوئٹہ(جنرل رپورٹر،این این آئی )پنجاب اورسندھ کے انتہائی حساس اضلاع میں چار روزہ جبکہ بلوچستان میں 3 روزہ انسداد پولیو مہم آج پیر کے روز سے شروع ہوگی ۔محکمہ صحت کے مطابق لاہور میں آؤٹ فال روڈ پر سیوریج کے پانی سے پولیو وائرس سامنے آنے کے بعد لاہور سمیت دیگر حساس اضلاع میں چار روزہ خصوصی پولیو مہم کا آغاز آج پیر سے ہوگا ۔یہ مہم صوبے کے دس حساس اضلاع میں جاری رہے گی ۔یہ مہم لاہور،راولپنڈی،ڈی جی خان ،مظفر گڑھ،راجن پور اور شیخوپورہ کی 21یونین کونسلوں میں مکمل طور پر جبکہ فیصل آباد،ملتان،رحیم یار خان ،بہاولپور میں جزوی طور پر جاری رہے گی۔لاہور میں انسداد پولیو مہم میں 17لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلانے کے لیے 4700ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں جبکہ صوبہ بھر میں 63لاکھ 50 ہزار بچوں کوویکسینیش پلائی جائے گی۔کوآرڈینیٹر ایمرجنسی آپریشن سنٹرپنجاب اور ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سروسز ڈاکٹر منیر احمدکے مطابق مختلف علاقوں میں پولیو وائرس کی تصدیق کے باعث یہ مہم انتہائی اہم ہے ، والدین کو یقین دلایا جاتا ہے کہ پولیو ویکسین محفوظ، موثر اور حکومت پاکستان کے تحت کام کرنے والی اتھارٹیز سے منظور شدہ ہے ۔جو والدین اپنے بچوں کو پولیو ویکسین نہیں پلاتے وہ نہ صرف اپنے بچوں بلکہ گردونواح کے دوسرے بچوں کی زندگی کو بھی خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ڈاکٹر منیر کا کہنا تھا پولیو ویکسین کی متعدد خوراکیں بچے کو مکمل طور پر تحفظ فراہم کرتی ہیں۔ اسی طرح سندھ کے حساس اضلاع میں بھی پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو پولیو مہم کے دوران حفاظتی ویکسین پلائی جائے گی۔ بلوچستان کے 19اضلاع میں تین روزہ انسداد پولیو مہم آج سے شروع ہوگی جس کے لئے تمام انتظامات مکمل کرلئے گئے ہیں مہم کے دوران17لاکھ سے زائد بچوں کوپولیو کے قطرے پلائے جائیں گے ۔ مہم میں 6ہزار67 موبائل ٹیمیں521فکسڈ سائٹ ،413ٹرانزٹ پوائنٹس پرپولیو کا عملہ فرائض انجام دیگا۔ مہم کے دوران 5سال سے کم عمر کے 17لاکھ سے زائد بچوں کوپولیوکے قطرے پلانے کاہدف مقررکیاگیاہے ، سکیورٹی کیلئے ایف سی ،لیویز ،پولیس کا تعاون بھی حاصل رہے گا۔