لاہور(اشرف مجید) پنجاب بھر میں غیر معیاری سی این جی و ایل پی جی سلنڈروں والی پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 275 ایف آئی آرز درج اور 301ڈرائیوروں کو گرفتار کر لیا گیا ۔کارروائی کے دوران 90فیصد گاڑیوں میں غیر معیاری سلنڈرز ہونے کا انکشاف ہوا ،تمام اضلاع کے ٹریفک افسروں کی جانب سے ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کو رپورٹ بھجوا دی گئی۔تفصیل کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب عمران محمود کی جانب سے لاہور سمیت صوبہ کے تمام اضلاع کے سی ٹی اوز اور ٹریفک افسروں کو غیر معیاری سی این جی و ایل پی جی سلنڈروں والی پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف 15روزہ مہم چلانے کا حکم جاری کیا گیا تھا ۔جس پر پنجاب بھر میں پبلک ٹرانسپورٹ کیخلاف کارروائی کی گئی ،اسکے دوران انکشاف ہوا کہ پنجاب بھر میں 7109گاڑیوں کاچالان کیا گیا جن میں سے 6793گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈر لگے تھے ،ان میں سے 275گاڑیوں کیخلاف مقدمات بھی درج کئے گئے ,301ڈرائیوروں کو حراست میں لیا گیا جبکہ611گاڑیوں کو مختلف تھانوں میں بند کیا گیا ۔ مذکورہ گاڑیوں کو ٹریفک پولیس کی جانب سے 34لاکھ روپے سے زائد جرمانہ کیا گیا ۔ ذرائع کے مطابق ڈی آئی جی ٹریفک پنجاب کی ہدایت پر سب سے زیادہ کارروائی لاہور میں کی گئی جہاں3040گاڑیو ں کو چالان کیا گیا جن میں 3089گاڑیوں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈر پائے گئے ،49گاڑیوں پر مقدمات درج کرکے ڈرائیوروں کو بھی گرفتار کیا گیا ۔فیصل آباد بہتر کارروائی میں دوسرے نمبر پر رہا جہاں پر 1049گاڑیوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے 14مقدمات درج کئے گئے جبکہ راولپنڈی تیسرے نمبر پر رہا ۔ سب سے کم کارروائی جہلم ،جھنگ اور نارووال میں کی گئی ۔ چھوٹے اضلاع میں کم غیر معیاری سی این جی سلنڈر والی گاڑیاں پائی گئیں جبکہ بڑے شہروں میں غیر معیاری سی این جی سلنڈر والی گاڑیوں کی تعداد زیادہ ہے ۔