لاہور(قاضی ندیم اقبال ) پنجاب میں فورتھ شیڈول فہرستوں کی از سر نو تیاری کا کام شروع کردیا گیا، ضلعی حکام کو زمینی حقائق اور میرٹ کو مدنظر رکھ کر پہلے سے موجود فہرستوں میں سے ایسے افراد جو کسی طور پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب نہیں، ان کے نام قواعد کے مطابق فہرستوں سے نکالنے اور قانون شکن عناصر کے نام شامل کرنے کی ہدایات جاری کردی گئیںذرائع کے مطابق حکومت پنجاب نے صوبہ بھر میں قانون شکن عناصر کے خلاف بڑے پیمانے پر منظم کارروائی کر نے کا مصمم ارادہ کرلیا اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے اپنے اضلا ع میں ضلعی ہیڈ کوارٹرز، تحصیل ہیڈ کوارٹرز کے ساتھ دیہاتوں کی سطح پر معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لیں اور زمینی حقائق کو مدنظر رکھتے ہوئے فورتھ شیڈول فہرستوں کو فوری طور پر اپ ڈیٹ کریں ، کسی شہری کے خلاف زیادتی کا عنصر سامنے نہیں آنا چاہئے ، فہرستیں تیار کرتے وقت سب سے پہلے جن افراد کے نام نکالنے مقصود ہیں، ان کی نشاندہی کی جائے ، جن کے نام شامل ہونا ضروری ہے ، ان کے نام نئے سر ے سے شامل کئے جائیں، جن شہریوں کے نام فورتھ شیڈول میں شامل کئے جائیں، ان کی بابت درج مقدمات اور دیگر معلومات بھی صوبائی حکومت کو ارسال کی جائے ، فہرستوں کے حوالے سے مذہبی منافرت پھیلانے والوں، بین المسالک اور بین المذاہب ہم آہنگی کے ماحول کو پارہ پارہ کرنے والا لٹریچر شائع کرنے اور پھیلانے والوں ، سرکاری املاک پر قبضہ کرنے والوں یا ان کے معاون بننے والوں، منی لانڈرنگ میں ملوث افراد کے نام بھی شامل کرنے کیلئے کام کیا جائے ۔