لاہور(نیوز رپورٹر) محکمہ اینٹی کرپشن لاہور ریجن نے پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی کیس کی از سرنو تفتیش شروع کر دی ہے اور گزشتہ روز سابق پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی مقبول دھاولہ و دیگر افسران اور ملازمین سے اینٹی کرپشن کی ٹیم نے 6گھنٹے تفتیش کی اور افسران کے بیان ریکارڈ کئے ۔ پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی میں سابق دور حکومت میں بوگس بھرتیاں کرنے اور رشوت لے کر من پسند افراد کو نوکریاں دینے کے الزام میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں مقبول دھاولہ سمیت بعض ملازمین کو گرفتار کیا گیا جس کے بعد اچانک خاموشی اختیار کر لی گئی اور کیس کو سرد خانے کی نذر کر دیا گیا۔ اینٹی کرپشن حکام نے مذ کورہ کیس کو ری اوپن کر کے تفتیش شروع کر دی ہے ۔