فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی) پنجاب لینڈ ریکارڈ اتھارٹی نے ادارہ میں شفافیت کے لئے کلوز سرکٹ کیمرے لگانے کا فیصلہ کیا ہے ۔ سی سی ٹی وی کیمرے اتھارٹی کے ہر دفتر کے کمروں، راہداریوں، راستوں اور مرکزی دروازے پر لگائے جائیں گے ۔ جس سے اتھارٹی کے ہر سینئر میں افسران، ملازمین کی دفاتر میں سرگرمیوں اور آنے والے مہمانوں اور صارفین کی مانیٹرنگ ممکن ہوسکے گی۔ اس کے لئے پنجاب حکومت نے فنڈز کی منظوری دے دی ہے اور بتایا جارہا ہے کہ تین ماہ میں کلوز سرکٹ کیمرے لگانے کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر 12 شہروں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، سرگودھا، راولپنڈی، میانوالی، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، ڈیرہ غازی خان اور گجرات میں کیمرے لگائے جائیں گے جس کے بعد پنجاب کے دیگر شہروں میں ماہ دسمبر تک کلوز سرکٹ کیمروں کی تنصیب کا کام مکمل کرلیا جائے گا۔