لاہور(گوہر علی) پنجاب اسمبلی کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی ٹو نے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے صوبہ بھر کے مختلف محکموں اور اداروں کا آڈٹ کرانے کا استثنٰی ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، فنانس ڈیپارٹمنٹ اورپولیس ویلفیئر فنڈز کا استثنٰی ختم کرنے کے بارے میں دونوں محکموں کو آگاہ کردیا گیا جبکہ جیل ویلفیئر فنڈز کا بھی استثنیٰ ختم کردیا جائے گا ، کمیٹی نے آڈٹ سے استثنی رکھنے والے تمام محکموں کا ریکارڈ بھی طلب کرلیا ۔ کمیٹی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے زیر التوا آڈٹ پیرے نہ بجھوانے کا نوٹس لے لیا اورمحکمہ خزانہ کے استثنٰی حاصل ہونے کا موقف مستر د کردیا ،چیئر مین کمیٹی سید یاور عباس بخاری کے سخت ایکشن پر محکمہ خزانہ نے آڈٹ پیرے فراہم کرنے کی یقین دہانی کرادی۔ کمیٹی نے پنجاب بھر کے محکموں سے زیر التوا آڈٹ پیروں کاریکارڈ طلب کیا تو محکمہ خزانہ نے چالیس محکموں کا ریکارڈ بجھوادیا۔ کمیٹی نے فنانس ڈیپارٹمنٹ کے ریکارڈ کا جائزہ لیا توموجود نہ تھا۔محکمہ خزانہ کے ایک افسر نے بتایاہمیں تو استثنٰی حاصل ہے جس پر چیئر مین کمیٹی نے یہ موقف مسترد کردیا اور محکمہ خزانہ کو فوری طو رپر ریکارڈ کمیٹی کو دینے کی ہدایت کی اس موقع پر محکمہ خزانہ کے افسران نے کمیٹی میں اپنے موقف کے حق میں دلائل دینے کی کوشش کی تو چیئر مین سے د یاور عباس بخاری نے کہاکہ اپنا موقف تحریری طور پر پیش کریں جس پر فنانس ڈیپارٹمنٹ نے موقف تحریری طو ر پر پیش کرنے سے انکارکردیا ۔ پولیس ویلفیئر فنڈز اب پبلک اکائونٹس کمیٹی کو جواب دہ ہوگا۔ چیئر مین پبلک اکائونٹس کمیٹی ٹو سیدیاور عباس بخاری نے کہامیرٹ پر کام اورتمام محکموں کا آڈٹ کریں گے ،جو مالی بے ضابطگی میں ملوث ہوگا اس کو سزا ملے گی۔