لاہور(کامرس رپورٹر، 92 نیوزرپورٹ، مانیٹرنگ ڈیسک )وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی نے کہا ہے جو لوگ سانحہ ماڈل ٹاؤن اور 25 مئی کے واقعے میں ملوث تھے وہ انتظار کریں اپنی باری کا، ان سب کو کیفر کردار تک پہنچائیں گے ۔ لاہور میں حقیقی آزادی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا پی ٹی آئی کارکنوں نے 25مئی کو بدترین شیلنگ برداشت کی ، زیادتی کرنے والوں سے بدلہ لینے تک چین سے نہیں بیٹھوں گا،ایسا بدلہ لیں گے ان کی سات نسلیں یاد کریں گی،قانون کے دائرے میں رہ کرکارروائی کریں گے ،رانا ثنا اللہ تم جیل کے پیچھے جانے والے ہو، تم کو پھانسی کی سزا ہوگی،ن لیگ کی حکومت نے صحت کارڈ بند کردیا تھا ، ن لیگ نے کاروبار پر پابندیاں لگا دی تھیں، میں نے آتے ہی تاجروں پر پابندیاں ختم کردیں، ایک طرف کشمیری شہید دوسری طرف یہ مودی کوپگ پہنا رہے تھے ، عمران خان اورپاک فوج کے درمیان بہترین تعلقات ہیں، عمران خان کوجتنانیچادکھانے کی کوشش کرتے ہیں یہ خودنیچے ہوجاتے ہیں، عمران خان اورفوج کے درمیان غلط فہمیاں پیدا کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہوں گے ،عمران خان کا وژن مکمل کریں گے ، عمران خان نے قوم کو سراٹھا کرجینا سکھایا، ایساکام کریں گے پاکستان کی75 سالہ تاریخ میں نہیں ہوا، سودکی لعنت ختم کرنے کیلئے قانون لا رہا ہوں،جو سود کا کام کرے گا اس کو 5سال قید ہوگی، میرے جتنے کام تھے اس کا محور عام آدمی تھا۔قبل ازیں اپنے ٹویٹ میں وزیراعلیٰ نے کہا ملعون سلمان رشدی کیساتھ جو ہوا،یہ اس کے گستاخانہ فعل کا نتیجہ ہے ،ملعون سلمان رشدی نے نبی کریم ؐ کی شان اقدس میں جو شر انگیزی کی،وہ ہر مسلمان کیلئے ناقابل برداشت ہے ۔وزیراعلیٰ نے 75ویں یوم آزادی پر قوم کومبارکباد دیتے ہوئے کہا پاکستان لاکھوں شہیدوں کی قربانیوں کا ثمر ہے ، یہ دن دھرتی کے ان تمام بہادربیٹوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کاموقع ہے جنہوں نے مادر وطن کا دفاع اورحفاظت کرتے ہوئے جانیں قربان کیں، یوم آزادی پر کشمیریوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہیں ،آزادی کی نعمت کے تحفظ کیلئے معاشرے میں باہمی تعاون اور خیرسگالی کو فروغ دینا ہوگا،یوم آزادی کا پیغام ہے ذاتی اختلافات ختم کرکے سب وطن عزیز کی ترقی و خوشحالی کیلئے ایک ہوں اور پاکستان کو عظیم سے عظیم تر بنانے کا عہد کریں۔ وزیراعلی نے اسلامک یکجہتی گیمز میں نیزہ بازی کے مقابلے میں گولڈمیڈل جیتنے پر ارشد ندیم کو مبارکباددی ہے ۔وزیراعلی نے تہنیتی پیغام میں کہا آپ نے ایک بار پھر ملک وقوم کا نام روشن کیاہے اور 2 گولڈ میڈل جیت کر قوم کو 75ویں یوم آزادی کا تحفہ دیا ،ارشد ندیم پاکستان کا مان اور فخر ہے اورارشد ندیم کی مسلسل کامیابیوں پر قوم کو ناز ہے ۔ وزیراعلیٰ سے کامن ویلتھ گیمز میں سلور میڈل جیتنے والے ریسلر زمان انور ، شریف طاہر اور کانسی کا تمغہ جیتنے والے علی اسد نے ملاقات کی۔وزیراعلیٰ نے تینوں کو مبارکباد دی اور کہاآپ نے قوم کا سرفخر سے بلند کیاہے ۔وزیراعلیٰ نے زمان انور ، شریف طاہر کو 10،10 لاکھ روپے اورعلی اسد کو5لاکھ روپے کے انعامات دیئے ۔ وزیراعلیٰ نے پنجاب میں عالمی معیار کے 3 سپورٹس ارینا بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا سپورٹس ارینا گوجرانوالہ، ملتان اور لاہور میں بنائے جائیں گے اور سپورٹس ارینا میں کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی سہولتیں فراہم کی جائیں گی۔وزیراعلیٰ نے ریسلرز کو تربیت کیلئے بیرون ملک بھجوانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ریسلرز کو غیر ملکی کوچز سے تربیت دلائی جائے گی۔