کراچی(سپورٹس رپورٹر )قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے پنجاب کے شہر قصور میں بچوں کے ساتھ ہونے والی زیادتی اور قتل کے معاملے پر ردعمل دیتے ہوئے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ کیا پنجاب میں آپکے پاس بہتر بندہ نہیں؟۔ شاہد آفریدی نے سندھ اور پنجاب کے واقعات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ٹوئٹر پر وزیراعظم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کی ریاست کو چلانے کا وقت آپہنچا ۔انہوں نے کہا کہ جو سندھ اور پنجاب میں ہورہا ہے ، اس پر دل خون کے آنسو روتا ہے ۔مدینہ کی ریاست میں زیادتی کرنے والوں کو سرعام پھانسی دی جاتی، وقت آگیا ہے کہ ہمیں بھی یہی کرنا ہوگا۔آخر میں شاہد آفریدی نے قصور کو ہیش ٹیگ میں واضح بھی کیا۔ ٹیکسی سروس اور شاہد آفریدی فاونڈیشن میں مفاہمتی یاداشت کی تقریب میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کراچی کا بڑا کون ہے میئر کراچی ہمیشہ روتا ہی رہتا ہے ، اگر آپ کو اختیارات نہیں مل رہے تو کرسی چھوڑ دیں۔