پنجاب حکومت نے صحت کے شعبے میں بہتری کے لئے اگلے 4سال کے اہداف مقرر کر لئے ہیں۔ ہر ڈی ایچ کیو ہسپتال میں کارڈیک کیئر یونٹ اور بنیادی مراکز صحت کو 24/7پلس کا درجہ دیا جائے گا۔ سابق حکومت نے صحت کی سہولیات کو ہمیشہ پس پشت ڈالے رکھا۔ مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی نے ہمیشہ بڑے بجٹ والے منصوبے شروع کئے لیکن بدقسمتی سے عوام کی بنیادی صحت کی ضرورت پر توجہ نہیں دی جس کے باعث پنجاب بھر کے مریضوں کا رخ صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں کی طرف ہوتا ہے۔ وہاں بھی سہولیات کی عدم دستیابی کی وجہ سے مریضوں کا رش لگا رہتاہے۔ موجودہ حکومت نے ہر یوسی‘ تحصیل اور ضلع میں قائم بالترتیب بنیادی مراکز صحت، رورل ہیلتھ سنٹر ‘ٹی ایچ کیو اور ڈی ایچ کیو ہسپتالوں کو اپ گریڈ کر کے عوام کو ان کی دہلیز پر صحت کی سہولیات فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جو بہت خوش آئند ہے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں برنٹ یونٹ‘ ٹراما سنٹر‘ کارڈیک کیئر یونٹ کے جدید وارڈ بنائے جائیں تو بڑے شہروں میں موجود ہسپتالوں میں رش کم ہو گا بلکہ عوام آسانی سے اپنے اضلاع میں ہی علاج کروا سکیں گے۔ ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں سہولیات نہ ہونے کے باعث مریضوں کو جب صوبائی دارالحکومت کے ہسپتالوں میں ریفر کیا جاتا ہے تو کئی مریض راستے میں ہی دم توڑ جاتے ہیں۔ گزشتہ سال بہاولپور آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے جب 139جاں بحق ہوئے تو کئی مریض بروقت سہولیات نہ ملنے سے موت کی آغوش میںچلے گئے تھے۔ گو موجودہ حکومت اگر صحت کی سہولتیں ہی عوام کو اس کی دہلیز پر فراہم کر دے تو عوام اس کے مشکور ہونگے۔