راولپنڈی(فیصل منصور)وزیر اعلیٰ پنجاب کے نئے مشیر برائے سیاحت و ہارٹیکلچراتھارٹیز آصف محمود نے کہا ہے کہ گاڑی پر جھنڈا لگانا مقصد نہیں بلکہ باقاعدہ ورک پلان اور ٹارگٹ کے مطابق کام کرنا اولین ترجیح ہے ۔پنجاب میں سیاحت کافروغ اور علاقائی کلچر کی باقاعدہ ملکی و غیرملکی سطح پر تشہیر میرا مشن ہے ۔گزشتہ روزمشیروزیراعلیٰ پنجاب آصف محمودنے عہدہ ملنے کے بعد روزنامہ 92 نیوزکو پہلاانٹرویودیتے ہوئے کہا کہ صرف مذہبی سیاحت کو فروغ دیکر ہم صوبے کا خسارہ کم کرسکتے ہیں،نئے سیاحتی مقامات متعارف کرانا اور وہاں سیاحو ں کو مکمل سہولیات کی فراہمی کیلئے ابھی سے پلان تیار کرنا شروع کردیا ہے جو وزیر اعلیٰ سردار عثمان بزدار کو عمرہ ادائیگی سے واپسی پر پیش کروں گا۔انہوں نے کہا کہ تاریخی عمارتوں کی تزئین و آرائش اور ان کو انکی اصل حالت میں بحال رکھیں گے ۔ ہمیں اپنے کلچر اور بالخصوص علاقائی کلچر کو فروغ دینے کی اشد ضرورت ہے ۔انہوں نے مزید کہا ہے سیاحتی مقامات تک رسائی کیلئے راستوں کی تشہیر اور وہاں پر موجود سہولیات بارے آگہی سوشل میڈیا پر فراہم کرنا بھی میری اولین ترجیح ہوگی۔