لاہور،اسلام آباد، راولپنڈی، ملتان، سیالکوٹ، پشاور(92 نیوزرپورٹ،جنرل رپورٹر، سپیشل رپورٹر، رپورٹر 92نیوز ،ڈسٹرکٹ رپورٹر، خبرنگار) پنجاب میں ڈینگی مچھر کے ڈنگ بڑھ گئے ، گزشتہ روز 6 افراد اس موذی وائرس کی وجہ سے جان کی بازی ہار گئے ، رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی بخار کے باعث 75 افراد جان کی بازی ہار چکے ہیں۔گذشتہ روز ڈینگی بخار سے ہلاک ہونے والے 5 افراد کا تعلق لاہور جبکہ 1 کا تعلق راولپنڈی سے تھا۔گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران صوبہ بھر سے ڈینگی کے 456 مریض رپورٹ ہوئے ۔لاہورکے سرکاری ہسپتالوں میں ڈینگی کے مریضوں کیلئے سہولیات کا شدید فقدان ہے ،بہت سے مریض سٹریچرزاوروہیل چیئرزپرعلاج کرانے پرمجبورہوگئے ،سرکاری ہسپتالوں میں ادویات بھی دستیاب نہیں۔گذشتہ روز لاہور سے ڈینگی کے 333 ، راولپنڈی سے 37، گوجرانوالہ میں 16 جبکہ سرگودھا میں 8 ، شیخوپورہ میں 7، فیصل آباد، قصور اور ملتان سے ڈینگی کے 5،5 مریض رپورٹ ہوئے ۔ اسلام آباد میں چوبیس گھنٹوں کے دوران 45 ، راولپنڈی میں 29 مریض ہسپتالوں میں داخل ہوگئے ۔سیالکوٹ میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد86ہو گئی ،پانچ کی حالت تشویشناک ہے ۔ رواں سال پنجاب بھر سے اب تک ڈینگی کے کیسز کی تعداد 19,021 ہو چکی۔گزشتہ روز لاہور میں 618 مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔ادھر خیبر پختونخوا میں 24 گھنٹوں کے دوران ڈینگی وائرس سے مزید 237افراد متاثر ہوگئے جس سے صوبہ بھر میں ڈینگی متاثر ہ افراد کی تعداد8ہزار630 ہوگئی ۔ محکمہ صحت کے اعدادوشمار کے مطابق صوبے کے مختلف ہسپتالوں میں زیر علاج مریضوں کی تعداد میں کمی ہورہی ہے ۔