لاہور/پشاور(جنرل رپورٹر،خبر نگار )پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پنجاب میں 12 جبکہ خیبر پختونخوا ڈینگی کے 6 نئے مریض سامنے آئے ہیں ،راولپنڈی 3 ,لاہور 6، اٹک ، میانوالی اور ملتان 1،1 کیس سامنے آیا۔ادھر پشاور میں 3، دیر لوئر میں 2اور ڈی آئی خان میں ایک شخص میں ڈینگی وائرس کی تشخیص ہوئی،پنجاب بھر میں زیر علاج مریضوں میں سے 3مریض انتہائی نگہداشت میں جبکہ باقی خطرے سے باہر ہیں۔ڈینگی ایکسپرٹ ایڈوائزی گروپ کے مطابق پنجاب میں رواں سال یکم جنوری سے 22نومبر تک ڈینگی سے 23اموات ہوئی ہیں ۔محکمہ صحت کی صوبہ بھر میں ڈینگی لاروا کو تلف کرنے اور افزائش روکنے کے لیے کارروائیاں تیزی سے جاری ہیں۔گذشتہ روز محکمہ صحت کی ٹیموں نے پنجاب بھر میں 261643ان ڈور اور85650آؤٹ ڈور مقامات کوچیک کیا جبکہ601مقامات سے لاروا تلف کیا گیا۔گذشتہ روز صوبہ بھر سے ڈینگی لاروا کی موجودگی اور غفلت برتنے پر5کمرشل مقامات کے خلاف مقدمات درج کیے گئے ۔ڈینگی لاروا کی موجودگی پر607افراد کو وارننگ جاری کی گئی جبکہ خلاف ورزی پر2 افراد کو گرفتار کیا گیا۔