لاہور(میاں رئوف) پنجاب پولیس میں خالی اسامیوں پر بھرتی کیلئے از سر نو حکومت کو رپورٹ بھیجنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔لاہور سمیت صوبہ بھر سے رواں برس ریٹائر ہونیوالوں اور پہلے سے خالی اسامیوں کی تفصیلات طلب کر لی گئیں۔ ایوان وزیر اعلیٰ کی جانب سے گرین سگنل ملنے پر قواعد و ضوابط کی روشنی میں کام کو آگے بڑھایا جائیگا۔باو ثو ق ذرائع کے مطا بق مختلف حوالوں سے سامنے آنیوالی رپورٹس کی روشنی میں آئی جی پنجاب شعیب دستگیر نے پولیس فورس کو جدید آلات سے لیس کرنے کیساتھ ساتھ افرادی قوت کی کمی کے حوالے سے بھی معاملات صوبائی حکومت کے نوٹس میں لاتے ہوئے اسکا حل تلاش کرنیکا فیصلہ کیا ہے جس کے تحت پنجاب بھر کے ذمہ داروں کو پولیس فورس کے علاوہ اس کے ذیلی اداروں میں گزٹیڈ اور نان گزٹیڈ خالی اسامیوں کی تفصیلات فراہم کرنے کی ہدایت کر دی گئی ہے ۔ جبکہ رواں سال31دسمبر تک ریٹائرڈ ہونیوالے ملازمین کی فہرستیں الگ سے فراہم کرنیکا حکم دیا گیاہے ۔ دونوں تفصیلات الگ الگ پرفارمہ کی صورت میں مرتب کر کے ارسال کی جائینگی۔ذرائع کے مطابق آئی جی پنجاب نے فورس کے دیگر ذمہ داروں کو باور کرایا کہ وہ محکمہ داخلہ پنجاب، صوبائی وزیر قانون کو اعتماد میں لیتے ہوئے رپورٹ ایوان وزیر اعلیٰ بھجوانے کا ارادہ رکھتے ہیں، تاکہ وہاں سے پولیس فورس کی نفری پوری کرنے کیلئے منظوری ملنے کے بعد بھرتیاں ہو سکیں۔ آئی جی پنجاب نان گزٹیڈ اسامیوں (درجہ چہارم )پر حکومت پنجاب کے وضع کردہ قواعد کے مطابق محکمانہ سلیکشن کمیٹیوں کے ذریعے جبکہ باقی ماندہ اسامیوں پر پنجاب پبلک سروس کمشن کی وساطت سے بھرتیوں کا ارادہ رکھتے ہیں۔ صوبہ بھر سے تفصیلات سامنے آتے ہی رپورٹ چیف سیکرٹری پنجاب کی وساطت سے ایوان وزیر اعلیٰ کو ارسال کر دی جائیگی۔ پنجاب پولیس