اسلام آباد(اظہر جتوئی)غیر سیاسی پولیس کا نعرہ مارنے والی تحریک انصاف کی حکومت نے پولیس افسران کوارکان اسمبلی کے کام ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی ہدایت کر دی۔ اس سلسلے میں پولیس کو ہدایت نامہ جاری کر دیا گیا،دستاویزات کے مطابق پنجاب پولیس کی طرف سے صوبہ بھر کے تمام پولیس افسران ایس پی ،ڈی ایس پی ایس ایچ او کو 5 نکاتی ہدایت نامہ جاری کیا گیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ارکان قومی اسمبلی اور ارکان صوبائی اسمبلی سے رابطہ اورمکمل تعاون کریں اور ان سے خوش اخلاقی سے پیش آئیں،وہ کوئی کام کہیں تو اسکو ترجیحی بنیادوں پرپورا کریں،اسکے علاوہ ارکان اسمبلی سے مسلسل رابطہ رکھیں اور ان سے وقتا ًفوقتا ًمیٹنگز کریں،پولیس افسران کے پاس ارکان اسمبلی کا رابطہ نمبر بھی ہونا چاہیے ۔ارکان قومی و صوبائی اسمبلی کسی بھی وقت رابطہ کریں تو انکی کال فوری طور پر اٹینڈ کی جائے اور اگر کال اٹینڈ نہیں ہو سکتی تو واپس کال لازمی کی جائے ،پولیس کو جاری ہونیوالے حکمنامہ کی کاپی وزیر اعلی پنجاب ، آئی جی پنجاب کو بھی ارسال کر دی گئی ہے ۔ماضی میں تحریک انصاف نے متعدد بار یہ اعلان کیا تھا کہ وہ حکومت میں آکر پولیس کو غیر سیاسی بنا دیں گے لیکن اب پنجاب بھر کی پولیس کو سیاستدانوں کی مکمل فرمانبرداری کا حکم نامہ جاری کر دیا ہے جوکہ تحریک انصاف کی پالیسیوں کی مکمل نفی ہے ۔