لاہور(خصوصی نمائندہ،خبر نگار،92نیوز رپورٹ) پنجاب کابینہ نے آٹے کی نئی قیمت 2 ماہ کے لئے مقرر کر دی، 20 کلو آٹے کے تھیلے کی نئی قیمت 45 روپے اضافے کیساتھ 850 روپے مقررکر دی گئی، وزیراعلیٰ پنجاب نے منظوری دیدی،وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیر صدارت پنجاب کابینہ نے فلور ملوں کو گندم کے اجرا کے حوالے سے عبوری پالیسی2020-21ء کی منظوری دے دی،سرکاری گندم کے اجرا سے مارکیٹ میں 20 کلو کا آٹے کا تھیلا 1050 روپے سے کم ہو کر850 روپے پر دستیاب ہوگا،فلور ملوں کو 1475 روپے فی من کے حساب سے گندم فراہم کی جائے گی، گندم کی عبوری پالیسی دو ماہ کے لئے ہوگی، محکمہ خوراک پنجاب صرف فنکشنل فلور ملوں کو سرکاری گندم کا کوٹہ دے گا۔سرکاری گندم کے اجرا کی عبور ی پالیسی کی کڑی مانیٹرنگ ہوگی۔پنجاب کابینہ نے محکمہ خوراک سے ٹارگٹڈ سبسڈی کیلئے جامع پلان طلب کرلیا۔محکمہ خوراک 30روز میں اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گا۔اجلاس میں پنجاب فرانزک سائنس ایجنسی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر اشرف طاہر کے کنٹریکٹ میں ایک سال کی توسیع کی منظوری دی گئی اورپنجاب کمیشن آن دی سٹیٹس آف ویمن ایکٹ 2014ء میں ترمیم کا ڈرافٹ بل منظور کیاگیا۔اجلاس میں محکمہ ہائر ایجوکیشن پنجاب کے زیر انتظام سرکاری یونیورسٹیوں میں وائس چانسلرز کی تقرری کیلئے سرچ کمیٹی تشکیل دینے کی منظوری دی گئی۔اجلاس میں Punjab Infectious Diseasesآرڈیننس2020 ء پر موثر عملدرآمد کے لئے ترامیم کی منظوری دی گئی۔کابینہ نے پنجاب اربن ان مووایبل پراپرٹی ٹیکس رولز 1958ء میں ترامیم کی منظوری دی۔اجلاس میں ملتان میں ٹائم انسٹی ٹیوٹ کے قیام کیلئے ایکٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کرنے کی منظوری دی گئی۔پنجاب کابینہ نے کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 13 مئی 2020ء کو بجٹ اور سالانہ ترقیاتی پروگرام 2020-21ء کے بارے میں ہونے والے خصوصی اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی۔ کابینہ اجلاس میں کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے امور قانون سازی کے 26 ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ معاشی مشکلات کے باوجود عوام کو ریلیف دینا چاہتے ہیں۔صوبے کے عوام کی ترقی و خوشحالی کے سفر کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں گے ۔پوری ٹیم محنت کے ساتھ کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے ہر ضروری اقدام کیا جائے گا۔ہسپتالوں میں آکسیجن کی دستیابی ہر صورت یقینی بنائیں گے ۔صوبائی وزرائ، مشیران، معاونین خصوصی اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی جانب سے معصوم نواسے کے سامنے نانا کو گولی مارنے کے واقعہ کی شدید مذمت کی اور کہا کہ یہ دلخراش واقعہ عالمی برادری کی آنکھیں کھول دینے کیلئے کافی ہے اور اقوام عالم کو اس بربریت کا نوٹس لینا چاہیئے ۔دریں اثنا وزیراعلیٰ نے مری میں گاڑی کھائی میں گرنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا اورانتظامیہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے ۔