لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا 21واں اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں پنجاب کابینہ نے کوڈ آف کریمنل پروسیجرمیں ترمیم کی منظوری دی،ترمیم کے بعدفرسٹ کلاس مجسٹریٹ کو پرائس کنٹرول کے اختیارات تفویض کیے جاسکیں گے ،اجلاس میں پنجاب لوکل گورنمنٹ فنانس کمیشن کے قیام کی بھی منظوری دی گئی جبکہ ضلع قصورکی تحصیل کوٹ رادھا کشن اورضلع سرگودھا کی تحصیل کوٹ مومن میں سیشن کورٹ کے قیام کے فیصلے کی توثیق کی گئی،اجلاس میں ڈیرہ غازی خان اور راجن پور میں قبائلی علاقوں کیلئے پولیس رولز1934میں ترمیم کی منظوری دی گئی،1973کے آئین کے آرٹیکل 158اور 172(3)کے تحت قدرتی گیس کے ترجیحی بنیادوں پر استعمال کے حوالے سے سفارشات کی منظوری دی گئی،حکومت بلوچستان کی درخواست پر موسیٰ خیل، سورہ اور خضدارساؤتھ کے مختلف بلاکوں کیلئے معدنی وسائل کی تلاش کیلئے سفارشات کی توثیق کی گئی،اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی آرڈیننس2002میں ترامیم کے حوالے سے سفارشات وفاقی حکومت کو بھجوائی جائیں گی،اجلاس میں ایشیائی ترقیاتی بینک کی جانب سے ہنر مند فورس کی تربیت کیلئے فنی معاونت کامعاملہ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کو بھجوانے کافیصلہ کیا گیا،کابینہ کمیٹی تمام امور کا جائزہ لے کر اپنی حتمی سفارشات پیش کرے گی،اجلاس میں پرائس کنٹرول کے حوالے سے کارکردگی اورصورتحال پر بھی غورکیاگیا،اجلاس میں صوبائی کابینہ کے 20ویں اجلاس کے منٹس کی توثیق کی گئی، جبکہ کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 17ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی،وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے کیلئے آپ سب نے ایک ٹیم کے طورپر کام کرنا ہے ،انسداد پولیومہم کو کامیاب بنانے کیلئے بھی متعلقہ محکمے بھر پور کردارادا کریں،اگلے ہفتے سے مختلف شہروں کے دورے شروع کررہا ہوں اورمیں ان دوروں میں خود شہروں میں امن وامان کی صورتحال،صفائی کے انتظامات،پرائس کنٹرول کیلئے کیے جانے والے اقدامات اوردیگر شہری سہولتوں کا جائزہ لوں گا،انہوں نے کہاکہ میں نے چیف سیکرٹری اور انسپکٹرجنرل پولیس کو بااختیار بنایا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ نے سری لنکا کی ٹیم کی آمد پر اظہارمسرت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انٹرنیشنل ٹیسٹ کرکٹ کی بحالی خوش آئند ،ٹیم کی آمد کرکٹ کے میدان میں ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہوئی ، وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے 1971 کی پاک بھارت جنگ کے ہیرولیفٹیننٹ کرنل (ر)سلیمان کے انتقال پر دکھ اورافسوس کا اظہار کیا ہے ۔