لاہور(سلیمان چودھری )پنجاب میں کرونا کے بڑھتے ہوئے کیسز کے پیش نظر پنجاب حکومت کا ڈاکٹروں، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف کی بھرتی کا فیصلہ کیا ہے ، ٹی ایچ کیو، ڈی ایچ کیو ہسپتالوں میں 3ہزار 636 افراد کو بھرتی کیا جائیگا، ان ملازمین کی بھرتی ایڈہاک کی بنیاد پر ہو گی اور مستقل نہیں ہو سکیں گے ۔ان میں 1 ہزار 80 میڈیکل آفیسرز اور ویمن میڈیکل آفیسرز بھرتی ہونگے ،72 ای این ٹی سپیشلسٹ اور ٹی بی چسٹ سپیشلسٹ کی خدمات حاصل کی جائیں گی1080 نرسوں کو ڈی ایچ کیو اور ٹی ایچ اسپتالوں میں بھرتی کیا جائیگا 108 کلینکل سائیکالوجسٹ،216 لیبارٹری ٹیکنیشن اور 1ہزار 80 جونیئر ٹیکنیشن کی بھرتی ہو گی ملازمین کرونا کے حوالے سے قرنطینہ سنٹرز، ہائی ڈیپنڈینسی یونٹس اور آئی سی یو خدمات انجام دینگے ان ملازمین کی بھرتی ایڈہاک کی بنیاد پر ایک سال کیلئے کی جائیگی، ریٹائرڈ ڈاکٹرز، نرسز اور پیرا میڈیکل سٹاف بھی دوبارہ بھرتی ہو سکتے ہیں۔ سیکرٹری پرائمری اینڈ سکینڈری ہیلتھ کیئر نے تمام سی ای اوز کو بھرتی جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے ۔ لاہور(نمائندہ خصوصی سے )کرونا وائرس کے پھیلائو کے خدشہ کے پیش نظر پنجاب میں فیلڈ ہسپتالوں کے قیام کیلئے مقامات کا تعین کر لیا گیا جبکہایکسپو سنٹر لاہور میں 1000 بیڈز پرمشتمل فیلڈ ہسپتال ایک ہفتے میں فعال ہو جائیگا۔یہ بات کرونا وائر س کی روک تھا م اور لاک ڈائون کے دوران سپلائی چین برقرار رکھنے کیلئے حکمت عملی کا جائزہ لینے کیلئے منعقدہ اجلاس کے دوراان بتائی گئی۔گزشتہ روز چیف سیکرٹری پنجاب میجر (ر) اعظم سلیمان خان ، صوبائی وزیر قانون بشارت راجہ،آئی جی پنجاب شعیب دستگیر اور متعلقہ افسروں نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ تمام کمشنرز اور آرپی اوز ویڈیو لنک کے ذریعے شر یک ہوئے ۔ اجلاس میں مساجد کو جراثیم سے پاک کرنے کیلئے قالین اٹھانے اوربا جماعت نماز کیلئے صفوں کے درمیان فاصلہ بڑھا نے کا فیصلہ کیا گیا۔چیف سیکرٹری نے ہدایت کی کہ سیکرٹری صحت فیلڈ ہسپتالوں کے مقامات کا دورہ کریں اور بیڈز اور دیگر سہولیات جلد مکمل کر لی جائیں۔ اشیاکی ترسیل کیلئے گڈز ٹرانسپورٹ کی روانی میں رکاوٹ نہ ڈالی جائے ۔ تاہم گڈز ٹرانسپورٹ کو پرائیویٹ ٹرانسپورٹ کے طور پرا ستعمال کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائے ۔ تمام فیلڈ افسر جیلوں کے دورے کریں اور وہاں آئسولیشن وارڈز قائم کئے جائیں۔ پرائیویٹ کاروں میں مقررہ حد سے زیادہ افراد کو ہر گز اجازت نہ د جائے اور خلاف ورزی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے ۔ کراچی سے اشیا کی ترسیل کیلئے ریلویز اور این ایل سی کو استعمال کرنے کی تجویز پر غور کیا گیا۔ آئی جی پنجاب نے بتایا کہ 50ہزار نفری کرونا ڈیوٹی انجام دے رہی ہے ۔ سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو نے بتایا کہ پولیس کیلئے ماسک اور سینیٹائزر جلد فراہم کر دیئے جائینگے ۔