لاہور(وقائع نگار،92نیوز رپورٹ)وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارکی زیر صدارت گزشتہ روز وزیراعلیٰ آفس میں صوبائی کابینہ کا اجلاس منعقد ہوا۔اجلاس میں صوبے کے ہر شہری کو ہیلتھ کوریج فراہم کرنے کا فیصلہ کیا گیااورکابینہ نے پنجاب کی 100فیصد آبادی کو دسمبر2021تک ہیلتھ انشورنس فراہم کرنے کیلئے یونیورسیل ہیلتھ کوریج پروگرام کی منظوری دے دی جبکہ یونیورسیل ہیلتھ کوریج پروگرام سے متعلقہ امور طے کرنے کیلئے وزارتی کمیٹی تشکیل دی گئی۔کابینہ نے بھکر میں تھل یونیورسٹی کے قیام ،متروکہ وقف املاک اورڈسپلیسڈ پرسنز لاز (Repeal) ایکٹ1975ء میں ترامیم ،لاہور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی ،سیالکوٹ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے قیام ،دی پنجاب آب پاک اتھارٹی رولزکی اصولی ،ضلع بھکر میں آرمی ویلفیئر سکیم کیلئے الاٹ کی جانیوالی 1626ایکڑاور2کنال اراضی کے متبادل یزمان اور فورٹ عباس میں زمین دینے ،ڈاکخانوں کے ذریعے موٹرو ہیکلز ٹیکسوں کی وصولی کااختیار واپس لینے ،اربن ایموایبل پراپرٹی ٹیکس ایکٹ 1958ء کے سیکشن 16میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔ترمیم سے نادہندگان کی جائیدادیں سیل کرنے کا اختیار محکمہ ایکسائز کو ہوگا۔کابینہ نے انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ اتھارٹی پنجاب کوخیبر پختوانخوامیں سرگرمیاں شروع کرنے کی اجازت ، راوی اربن ڈویلپمنٹ اتھارٹی ایکٹ 2020میں ترامیم ،انرجی معاہدوں کیلئے غیر ملکی کرنسی کے تبادلے کیلئے چینی کرنسی یوآن کے استعمال ،پنجاب پولیس میں ڈی ایس پی اورایس پی کی ترقی کیلئے سروس رولز کی اصولی منظوری دی گئی۔سرگودھا اورراولپنڈی میں انسداد دہشت گردی کی 2 عدالتیں بند کرنے ،پنجاب گورنمنٹ رولز آف بزنس برائے ساؤتھ پنجاب کی اصولی منظوری ،پنجاب وومن پروٹیکشن اتھارٹی کی چیئرپرسن کیلئے مراعات کے تعین کی بھی منظوری دی گئی۔اجلاس میں پنجاب کابینہ کے 38 اور39ویں اجلاس کی کارروائی کی توثیق کی گئی۔سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کے 46ویں اور47ویں اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی۔سٹینڈنگ کابینہ کمیٹی برائے قانونی امورکے 40ویں، 41ویں،42ویں اور43ویں اجلاس کے فیصلوں کی بھی توثیق کی گئی۔بعدازاں وزیراعلیٰ سے ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی اظہر عباس چانڈیا نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے اظہر عباس چانڈیا کو حلقے کے مسائل جلد حل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔علاوہ ازیں وزیراعلیٰ سے چیئرمین واٹراینڈانوائرمنٹل جوڈیشل کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے ملاقات کی۔جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو کمیشن کی کارکردگی سے آگاہ کیا اور کمیشن کی کارکردگی رپورٹ پیش کی۔دریں اثنا انہوں نے کاہنہ میں سکول کے کوارٹر کی چھت گرنے سے ماں اوربیٹے کے جاں بحق ہونے ، تھانہ نواب ٹاؤن کے علاقے میں ہسپتال سے لڑکی کی لاش ملنے کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی اولاہور سے رپورٹ طلب کرلی ۔