لاہور ،ملتان،پشاور(جنرل رپورٹر،سپیشل رپورٹر،نامہ نگار) لاہو ر سمیت پنجاب کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت 16ویں روز بھی ہڑتال رہی، او پی ڈیز میں علاج معالجہ مکمل بند ہونے کی وجہ سے مریض دربدر کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوگئے جبکہ حکومت تاحال گرینڈ ہیلتھ الائنس سے مذاکرات کرنے میں ناکام ہے ۔گزشتہ روز لاہور میں گرینڈ ہیلتھ الائنس کے تحت ہسپتالوں کے اندر اور سڑکوں پر احتجاج کیا گیا اور ریلی کی صورت پہنچ کر محکمہ صحت کے صوبائی سیکرٹریٹ کے سامنے دھرنا دیا گیا۔نرسوں کو پیڈا ایکٹ کے شو کاز نوٹس زجاری کرنے پر گرینڈ ہیلتھ الائنس نے محکمہ سپشلائزڈ ہیلتھ کئیر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کا گھیرائو کیا جبکہ نوٹسزکو نذز آتش کر دیا۔ہسپتالوں میں احتجاج، آپریشن ملتوی ،لیبارٹریاں اور ریڈیالوجی کے شعبے بند ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا۔مظاہرین ایک گھنٹہ سے زائد تک محکمہ صحت کے دفتر کے باہر موجود رہے مگر ان سے کسی نے مذاکرات نہیں گئے ۔ ڈاکٹروں اور نرسز کے احتجاج کے باعث لارنس روڈ پر ٹریفک مسلسل جام ہونے سے شہرویوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، تاہم بعد ازاں مظاہرین خو دہ منتشر ہو گئے ۔ مختلف علاقوں سے ہسپتالوں میں آنیوالے مریضوں کا کوئی پرسان حال نہیں، مریض مایوس واپس لوٹنے پر مجبور ہیں۔ مریضوں کا کہنا تھا کہ ہیلتھ پروفیشنلز اور محکمہ کے درمیان جاری جنگ میں غریب مریض پس رہے ہیں، حکومت جلد از جلد علاج معالجہ کی فراہمی کو ممکن بنائے ۔ایم ٹی آئی ایکٹ کیخلاف ملتان میں بھی ڈاکٹرز ،پیرا میڈیکس، نرسز اور ایپکا تنظیموں پرمشتمل گرینڈ ہیلتھ الائنس کی سرکاری ہسپتالوں میں چودہویں روز بھی ہڑتال جاری رہی۔گزشتہ روزنشتر ہسپتال اور چلڈرن کمپلیکس کے تمام آوٹ ڈور ،آپریشن تھیٹر،ریڈیالوجی اور پتھالوجی کے شعبہ جات بند کرکے احتجاج کیا گیا جبکہ بچوں،خواتین اور بزرگوں سمیت تمام مریض خوار ہوکررہ گئے ۔مظاہرہ کے موقع پر گرینڈ ہیلتھ الائنس کی جانب سے چلڈرن کمپلیکس کے باہر سڑک بھی بلاک کردی گئی۔آج ضلع کے تمام سرکاری ہسپتالوں میں ہڑتال کے بعد گرینڈ ہیلتھ الائنس کے زیر اہتمام صبح 11بجے کچہری چوک میں احتجاجاً دھرنا دیا جائیگا۔ ڈاکٹر فاران اسلم،ڈاکٹر انعام،ڈاکٹر سعید چودھری،ڈاکٹر خضر حیات اور دیگر کا کہنا تھاکہ حکومت ڈاکٹرز، نرسز، پیرا میڈیکس سے مذاکرات کئے بغیر سرکاری ہسپتالوں کی نجکاری چاہتی ہے اور ہم ایسا نہیں ہونے دینگے ۔ادھرخیبر پختونخوا میں پوسٹ گریجوایٹ کالج آف نرسنگ کو خیبر میڈیکل یونیورسٹی میں ضم کرنے اور ڈسٹرکٹ اور ریجنل ہیلتھ اتھارٹیز بل کیخلاف نرسز الائنس نے پیر کے روز سے ہڑتال کی کال دیدی،صوبہ بھر کی نرسز 2گھنٹے احتجاج کیا کرینگی۔