لاہور(قاضی ندیم اقبال)509فرانزک آڈٹ پیروں کے ریکارڈ کی جانچ پڑتال کے لئے ڈائریکٹر جنرل آڈٹ پنجاب کے ذمہ داران ایوان اوقاف پہنچ گئے ۔ڈائریکٹر فنانس کی سربراہی میں پہلے روز بادشاہی مسجد لاہور اور داتا دربار ہسپتال کے مجموعی طور پر 44فرانزک آڈٹ پیرے زیر بحث لائے گئے ۔ ذرائع کے مطابق پہلے روز داتا دربار ہسپتال کے 30اور بادشاہی مسجد لاہور کے 14فرانزک آڈٹ پیروں کی بابت ریکارڈ کی جانچ پڑتال کی گئی ۔ ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اوقاف پنجاب کی قوی کوشش ہے کہ 509 فرانزک آڈٹ پیراز میں سے بیشتر کو سیٹل کروایا جائے ۔ اس ضمن میں گزشتہ سالوں کے ریکارڈکی فراہمی کے لئے سخت ہدایات بھی جاری کی گئی ہیں۔ذرائع نے دعویٰ کیا کہ چونکہ فرانزک آڈ ٹ رپورٹ کی بابت جلد رپورٹ سپریم کورٹ آف پاکستان میں بھی پیش ہونی ہے ۔اس لئے صوبہ بھر میں جاری لاک ڈائون کی صورتحال کے باوجود محکمہ اوقاف کے مختلف ڈائریکٹوریٹس کے سربراہان اور فیلڈ سٹاف کو بھی آڈٹ کے ذمہ داران کے ساتھ ہونے والی میٹنگز میں شرکت کا پابند بنا دیا گیا ہے ۔محکمہ کے تمام ڈائریکٹرز اور صوبہ بھر میں تعینات زونل ایڈمنسٹریٹرز کے لئے شیڈول جاری کر دیا، جو تقریبا 10یوم پر مشتمل ہے ۔ ایڈمنسٹریٹرز اور ڈائریکٹر کو کہا گیا ہے کہ وہ اپنے متعلقہ فرانزک آڈٹ پیراز کی بابت ریکارڈ کے ہمراہ میٹنگز میں شرکت کریں۔