لاہور(رپورٹ: قاضی ندیم اقبال)ملکی تاریخ میں پہلی بار پنجاب کے سرکاری اداروں کو ملازمین کا ڈیٹا کمپیوٹرائز کرنے کے احکامات جاری۔ پہلے مرحلے میں گریڈ17سے گریڈ22میں کام کرنے والے افسروں کا ڈیٹا کمپیوٹرائز کیا جائے گا۔ جبکہ دوسرے مرحلے میں گریڈ1سے 16ویں گریڈ تک کے نان گزٹیڈ ملازمین کی باری آئے گی۔ چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایت پرپنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے ٹیمیں تشکیل دے دیں۔ جو صوبائی اداروں کی معاونت کریں گی۔ذرائع کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب یوسف نسیم کھوکھر کی ہدایت پرڈپٹی سیکرٹری ( پی ایم آر یو۔ون) ائی اینڈ سی ونگ، سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن ڈیپارٹمنٹ کی جانب سے صوبائی انتظامی سیکرٹریز کو بھیجے گئے مراسلہ میں قرار دیا گیا ہے کہ صوبائی حکومت سرکاری اداروں میں پرفارمنس مینجمنٹ اور بہترین گورنس سسٹم کو فروغ دینے کا ارادہ رکھتی ہے جس کے لئے اشد ضروری ہے کہ صوبائی حکومت کی ترجیحات کو مدنظر رکھتے ہوئے ’’پرفارمنس مینجمنٹ ریفارمز یونٹ(PMRU) سے استفادہ کیا جائے ۔ذرائع کے مطابق مراسلے میں کہا گیا ہے کہ ابتدائی طور پر تمام صوبائی سرکاری اداروں میں کام کرنے والے ملازمین کا ڈیٹا کمپیوٹرائزڈ کیا جانا ازحد ضروری ہے تاکہ سرکاری اداروں میں ہیومن ریسورس مینجمنٹ فنکشن فعال ہو سکے اور اسی کے ذریعے ملازمین کی ٹرانسفر پوسٹنگ، ان کی ترقی کے علاوہ جزا و سزا کے معاملات بھی بہتر اندز میں فنکشنل ہو سکے ۔