لاہور(خبرنگارخصوصی)صوبائی وزیر ویمن ڈویلپمنٹ آشفہ ریاض فتیانہ نے یوم آزادی کے موقع پر پنجاب میں آن لائن کسان کی بیٹی پروگرام کا افتتاح کردیا ۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آشفہ ریاض فتیانہ نے کہا کہ اس پروگرام کے تحت دیہی خواتین کو مختلف ہنر سکھاکر معاشی طور پر مستحکم کیا جائیگا تاکہ وہ ملکی ترقی و خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔ پہلے مرحلے میں یہ پراجیکٹ تین اضلاع ٹوبہ ٹیک سنگھ، ساہیوال اور جھنگ میں شروع کیاجارہاہے ، بعدازاں اسکا دائرہ کار صوبہ کے مزید 20 اضلاع تک بڑھایاجائیگا۔ 20 اضلاع میں 3000 نوجوان خواتین اور 500 خاندانوں کو معاشی ترقی میں خود مختاری کے ذریعے خط غربت سے نکالنے کا ہدف مقرر کیاگیاہے ۔ پروگرام کا مقصد دیہی علاقوں میں خواتین کو آن لائن مستند ووکیشنل کورسز کرانا ، مقامی انڈسٹری کے فروغ، مقامی مارکیٹوں تک رسائی اور زرعی مصنوعات کی فروخت کی تربیت دینا ہے ۔ خواتین کو خوراک کی مربوط ترسیل، تازہ سبزیوں اور پھلوں کی سپلائی، کچن گارڈننگ اور جلدی امراض کے علاج جیسے مسائل کے حل کیلئے آگاہی بھی فراہم کی جائیگی -صوبائی سیکرٹری ویمن ڈویلپمنٹ عنبرین رضا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ اس پروگرام کے ذریعے دیہاتی خواتین کو معاشی طور پر مستحکم اور کاروباری ترقی میں علم و ہنر کی فراہم سے منظم و مربوط بنایاجائیگا۔ تقریب میں ڈپٹی سیکرٹری وقار احمد اور دیگر افسروں نے بھی شرکت کی ۔