لاہور (اپنے خبر نگار سے ) صوبائی وزیر برائے ہائر ایجوکیشن راجہ یاسر ہمایوں نے ملکی معیشت میں استحکام اور سماجی مسائل کے حل کے لئے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے مابین روابط مضبو ط کر نے پر زور دیا ۔ وہ پنجاب یونیورسٹی ادارہ تعلیم و تحقیق کے زیر اہتمام تعلیم پر تحقیق کے موضوع پرساتویں بین الاقوامی کانفرنس کی افتتاحی تقریب فیصل آڈیٹوریم میں خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر وائس چانسلرپنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیاز احمد اختر، ڈین فیکلٹی آف ایجوکیشن پروفیسر ڈاکٹر عابد حسین چوہدری، ڈائریکٹر ادارہ تعلیم و تحقیق پروفیسر ڈاکٹر رفاقت علی اکبر، فیکلٹی ممبران ، طلبائو طالبات کے علاوہ امریکہ ، برطانیہ ، فلپائن، سعودی عرب ، فرانس ، ملائیشیااور پاکستان بھر سے 1000سے زائد محققین، ماہرین تعلیم اور سماجی سائنسدانوں نے شرکت کی۔ اپنے خطاب میں راجہ یاسر ہمایوں نے کہا کہ یونیورسٹیوں کو صف اول کے ممالک کی یونیورسٹیوں کی طرح کردار ادا کرنے کے لئے آگے آنا چاہیے ، اس کے لئے حکومت ہر سطح پر تعاون کرے گی۔ انہوں نے تحقیقی کلچر کے فروغ اور ملک میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لئے تعلیمی ماہرین کی رائے دینے کے لئے اقدامات پر وائس چانسلر پنجاب یونیورسٹی پروفیسر نیازا حمد کی کاوشوں کو سراہا۔