لاہور(کرائم رپورٹر )آئی جی پنجاب نے سیاحت کو فروغ دینے کیلئے ٹورسٹ پولیس متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے ، ٹورسٹ پولیس سیاحوں سے کوآرڈینیشن، سیاحتی مقامات کے حوالے سے رہنمائی اور سیاحتی مقامات کو محفوظ بنانے کیلئے پٹرولنگ سمیت دیگر اقدامات کرے گی، سمری منظوری کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب کو بھجوادی گئی۔ ٹورسٹ پولیس پائلٹ پراجیکٹ کے طور پر مری میں شروع کی جائے گی جو کہ سی پی او راولپنڈی اور ایس ڈی پی او مری کی سربراہی میں کام کرے گی۔پراجیکٹ کی کامیابی کے بعد پنجاب بھر میں ٹورسٹ پولیس بنائی جائیگی۔ ٹورسٹ پولیس میں 75 افسران اور اہلکاروں کو شامل کیا جائے گا، پولیس میں3سالہ سروس جبکہ 25 سے 35 سالہ پولیس افسران واہلکار ٹورسٹ پولیس میں شامل ہوں گے ۔ٹورسٹ پولیس سیاحوں کو سیاحتی مقامات کے بار ے میں آگاہ کرے گی۔ سیاحوں کیلئے سہولیاتی ڈیسک بھی قائم کیے جائیں گے ، ٹورسٹ پولیس 24 گھنٹے سڑکوں پر سیاحوں کی مدد کیلئے موجود رہے گی۔ ٹورسٹ پولیس میں شامل ہونے والوں کو دوسری ڈیوٹی پر تعینات نہیں کیا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کی منظوری کے بعد گاڑیاں، موٹر سائیکلیں اور خصوصی وردی خریدی جائے گی جس پر ٹورسٹ پولیس کا بڑا لوگو ہوگا۔