لاہور (سپورٹس رپورٹر) سپورٹس بورڈ پنجاب کے تعاون سے اور پنجاب سوئمنگ ایسوسی ایشن کے زیراہتمام ہونے والی 24ویں نیشنل بوائز ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ پنجاب نے جیت لی، سندھ دوسرے اور خیبر پختونخوا تیسرے نمبر پر رہے ۔ چیمپئن شپ میں مزید نئے ریکارڈز بھی قائم ہوئے ۔ 24ویں نیشنل بوائز ایج گروپ سوئمنگ چیمپئن شپ کے فائنل مقابلے اتوار کے روز سٹیٹ آف دی آرٹ پنجاب سوئمنگ کمپلیکس میں منعقد ہوئے ، پنجاب کی ٹیم نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 1017پوائنٹس حاصل کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی، سندھ نے 962پوائنٹس حاصل کرکے دوسری جبکہ خیبر پختونخوا نے 293پوائنٹس حاصل کرکے تیسری پوزیشن حاصل کی،سندھ نے 23، پنجاب نے 21اور خیبر پختونخوا نے 2سونے کے تمغے حاصل کئے ۔چیمپئن شپ میں خیبر پختونخوا کے سوئمر احمد درانی نے 100میٹر بیک سٹروک انڈر14میں 1.09.76منٹ میں فاصلہ طے کرکے ریکارڈ بنایا، احمد درانی نے 200میٹر بیک سٹروک انڈر 14میں احمد درانی نے فاصلہ 2.37.17منٹ میں طے کرکے دوسرا ریکارڈ بناکر گولڈ میڈل جبکہ 200میٹر آئی ایم میں احمد درانی نے 2.33.87 منٹ میں فاصلہ طے کرکے سلور میڈل حاصل کیا۔