لاہور(گوہرعلی)حکومت پنجاب نے سیاسی تنقید سے بچتے ہوئے اٹھارویں ترمیم میں دئیے گئے اختیارات کے تحت ریونیو کے حصول کے نئے اہداف مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، محکمہ خزانہ نے محکموں سے ایسی خدمات کی تفصیلات مانگ لی ہیں جن پر ٹیکس نافذ نہیں۔ لاہور رنگ روڈ اتھارٹی ، میٹروبس اتھارٹی ، ویسٹ مینجمنٹ اتھارٹی، پی ایچ اے ، سٹی ٹریفک پولیس سمیت دیگر اتھارٹیز اور محکموں کو بزنس ماڈل میں لانے پر غور جاری ہے ۔حکومت پنجاب عوام پر مزید غیر معمولی دباؤ بڑھائے بغیر ریونیومیں اضافہ کرنے کی کوشش میں مصروف ہے ،ذرائع کے مطابق جو سرکاری محکمے اور اتھارٹیز ریونیو اکٹھا کرنے میں مدد گار ہوسکتے ہیں،کو بزنس موڈ میں لانے کے لئے منصوبہ بندی کی جارہی ہے ، جن سرکاری محکموں اور حکومتی پراجیکٹس سے حکومت کو آمدن ہوتی ہے کو بہتر انداز میں کام کرنے اور سرکاری وسائل استعمال کرنے کی ترغیب دی جائے گی تاکہ آمدنی میں اضافہ ہوسکے ۔