لاہور،کوئٹہ (نامہ نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) کراچی سے پنجگور جانے والی قومی ایئرلائن کا طیارہ دوران لینڈنگ ٹائر پھٹ جانے سے رن وے سے پھسل کر کچی زمین پر اتر گیا، جہاز میں 54مسافر محفوظ رہے ۔علاوہ ازیں سی ای اوپی آئی اے ارشد ملک نے کراچی سے پنجگور جانے والی پرواز پی کے 517 کے حادثہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا ۔پنجگور ایئر پورٹ پر اے ٹی آر رن وے سے کیسے نیچے اترا پائلٹ کے خلاف تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی گئی۔ذرائع کے مطابق پنجگور میں رن وے سے اترنے والے طیارے کو کیپٹن یحیی ٰ سندھیلہ آپریٹ کر رہے تھے ۔اے ٹی آر لینڈنگ کے دوران پائلٹ کی غفلت کی وجہ سے رن وے سے نیچے اترا ۔اے ٹی آر کے دو وہیل بری طرح متاثر ہوئے ۔ترجمان نے بتایا کہ تمام 54 مسافر محفوظ رہے اور کسی ایک کو بھی معمولی خراش بھی نہیں آئی تاہم طیارے کے دو پہیے غیر ہموار سطح پر اترنے کی وجہ سے ناکارہ ہو گئے ۔ترجمان نے مزید بتایا پی آئی اے نے ضروری پارٹس اور آلات پنجگور بھجوانے کے لئے فوری طور پر متبادل پرواز کے لئے طیارے کا بندوبست کیا تاہم سول ایوی ایشن کی جنوب سے متبادل پرواز کی اجازت نہ ملنے پر پرواز کی روانگی میں تاخیر ہو گئی ۔بعد ازاں مسافروں کو متبادل پرواز کے ذریعے پنجگور سے کراچی پہنچا دیا گیا ۔