کوئٹہ ، گوادر (این این آئی) بلوچستان میں پنجگور کے علاقے میں سکیورٹی فورسز کی کارروائی میں کالعدم تنظیم کا کمانڈر 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا، بالگتر میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کی گئی تو ایک مقام پر موجود دہشتگردوں نے فورسز پر فائرنگ کردی، جوابی کارروائی میں کالعدم تنظیم کی قیادت کرنے والا کمانڈر اسد یوسف 3 ساتھیوں سمیت ہلاک ہوگیا، فورسز نے نعشیں تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کردیں۔ دریں اثنا ضلعی انتظامیہ گوادر کے آفس سے جاری ایک پریس نوٹ میں بتایا گیا کہ منگل کی صبح 9 بجے اور گوادر اور کیچ کے سرحدی پہاڑی علاقے میں دہشتگردوں نے ایک نجی کریش پلانٹ پر حملہ کردیا، سکیورٹی گارڈ جان پر کھیل کر دہشتگردوں کو مقابلہ کرتے ہوئے شہید ہوگیا، گارڈ مولا بخش نے دہشتگردوں کو بھاری نقصان پہنچایا اور انہیں فرار ہونے پر مجبور کردیا، جوانمردی سے مقابلہ کرتے ہوئے مولا بخش کو دو گولیاں لگیں اور وہ نہتے مزدوروں کی جان بچاتے ہوئے جام شہادت نوش کر گئے ، اہل علاقہ نے بتایا گارڈ مولا بخش گوادر کے علاقے کلانچ کا رہائشی ہے ، دہشتگردوں سے مقابلہ کرتے شہید ہونے والے وطن کے بہادر سپوت کو سرکاری اعزاز سے نوازا جائے ۔