ملتان (سٹاف رپورٹر )احتساب عدالت ملتان نے نیشنل بینک مظفر گڑھ پنشن فراڈ کیس میں ملوث دو ملزموں کو مجموعی طور پر 10،10 سال قید، 5،5 کروڑ روپے جرمانہ،تمام جائیداد ضبط کرنے کی سزا سنادی، ایک ملزم کو اشتہاری قرار دینے جبکہ 16 ملزموں کو بری کرنے کا حکم دیا ہے ۔ فاضل عدالت میں نیب ملتان کی جانب سے ریفرنس دائر کیا گیا تھا کہ نیشنل بینک مین برانچ مظفر گڑھ میں افسران و اہلکاروں نے دیگر پرائیویٹ ملزموں کے ساتھ مل کر ریٹائر ملازمین کے پنشن اکاؤنٹس سے جعلی دستاویزات اور دستخطوں کے ساتھ فراڈ کرتے ہوئے 45 کروڑ روپے سے زائد رقم نکلوا کر خرد برد کر لی جس پر ملزموں کو گرفتار کر کے تفتیش مکمل ہونے کے بعد ملزموں کے خلاف ریفرنس پیش کیا گیا۔ فاضل عدالت نے ریفرنس کی سماعت کے بعد ملزموں غلام شبیر اور نذر عباس کو قید و جرمانے کی سزا ،عدالت پیش نہ ہونے پر ملزم منتظر زیدی کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کرتے ہوئے اشتہاری قرار دینے کا حکم دیا ۔ فاضل عدالت نے شک کا فائدہ دیتے ہوئے ملزموں حاجی رب نواز، شعیب منظور، خادم حسین، غلام یسین، خالد مقصود، محمد اجمل، کامران سعید، قیصر عباس، مناظر حسین، عزیز الرحمن، محمد صفدر، شہریار، مشتاق احمد، مبشر حسین، نبیل رضا جعفری اور غلام حسین کو بری کرنے کا حکم دیا ہے ۔