مکرمی! میں اپنے اس خط کے توسط سے آپ کی توجہ عوام کے ایک اہم مسئلے کی جانب مبذول کروانا چاہتی ہوں۔ کسی زمانے میں سرکاری نوکری کو ایک بہت بڑا سہارا سمجھا جاتا تھا۔ لوگ اپنی بیٹیوں کی شادی سرکاری نوکری کرنے والے ملازمین سے خوشی خوشی کروا دیا کرتے تھے- صرف اس بات کو دیکھتے ہوئے کہ ریٹائر ہونے کے بعد بھی ریٹائرمنٹ اور پینشن کا پیسہ ملتا رہے گا اور آسانی سے گھر کا خرچہ چلتا رہے گا۔ لیکن اب گورنمنٹ کی کرپشن اور بڑے بڑے عہدوں پر فائز لوگوں کی ہٹ دھرمی کی وجہ سے نچلے درجے پر فائز لوگوں کے حق مارے جارہے ہیں۔ لوگوں سے پینشن اور ریٹائرمنٹ کے پیسوں کے حصول کے لیے پیسوں کا مطالبہ کیا جاتا ہے اور اس کے باوجود بھی وہ اپنے حق سے محروم رہتے ہیں حتی کہ ان کے مرنے کے بعد ان کے ورثاء بھی در در کی ٹھوکریں کھانے پر مجبور ہوجاتے ہیں۔ لہذا آپ سے التماس ہے کہ ان سرکاری نوکری کرنے والے ملازموں کو ان کے حق کا پیسہ دلوانے کے لیے ضروری پیشرفت عمل میں لائی جائے اور ان کو وقت پر ان کی پینشن کا پیسہ دی جائے ۔ (مصباح خان کراچی)