لاہور، پنڈی بھٹیاں ، چیچہ وطنی ، کوٹلہ ارب خان ، نوشہر ہ ورکاں ، وزیر آباد ( کرائم رپورٹر، نمائندگان 92نیوز، نامہ نگاران) پنڈی بھٹیاں میں پرانی دشمنی پر فائرنگ کرکے مخالف کے 8 سالہ بیٹے اور ملازم کو قتل کردیا، نواحی گاؤں خرم چوریڑہ میں چو ریڑہ برادری نے ظفر فوجی سپرا کے 8سالہ اکلوتے بیٹے شہرام اور ملازم عثمان کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا ۔ چیچہ وطنی میں 3 بھائیوں نے مقدمہ بازی کی رنجش پر بے دردی سے اپنے دو خالہ زاد بھائیوں کو تیز دھار آلے سے قتل کردیا، نواحی گاؤں 105 ایل ٹویلو کے عبد الحق اور عبد الکریم کو گھر بلا کر خالہ زاد بھائیوں اسماعیل، شریف، یعقوب نے تیز دھار آلے سے قتل کیا، 4 ملزمان گرفتار کرلئے گئے ۔باغبانپورہ میں شوہر نے اپنی بیوی کو قتل اور بچے کو زخمی کر دیا اور فرار ہوگیا، چیخ وپکا ر پر محلہ دار اکٹھے ہو گئے ، احمد کا رابعہ سے جھگڑا رہتا، احمد دوسری شادی کرنا چاہتا تھا اور اسے گھر چھوڑنے کا کہتا، تیز دھار آلے سے رابعہ کو قتل کیا اور 9 ماہ کے بیٹے کو زخمی کردیا۔ کوٹ لکھپت سے 29 سالہ نامعلوم نوجوان کی نعش مل گئی ۔ ساندہ لاہور کے علاقہ عمر کالونی میں گھر سے 75سالہ معمر خاتون کی بوسیدہ لاش برآمد ہوگئی، پولیس کے مطابق75 سالہ ثریا پروین عرصہ دراز سے گھر میں اکیلی رہتی تھی، چند روز سے معمر خاتون گھر سے باہر نہیں نکلی ، گھر سے تعفن پھیلنے پر محلے داروں نے پولیس کو اطلاع دی، لاش 7روز پرانی لگتی ہے ۔ نوشہرہ ورکاں کے نواح چک ورکاں میں جائیداد تنازع پر بھتیجے راشد نے فائرنگ کرکے چچا منشا کو موت کے گھاٹ اتار دیا، کوٹلہ ارب علی خاں میں تھانہ ککرالی کے نواحی گاؤں چڑیاولہ میں معمولی تلخ کلامی پر شاہ زیب نے دبئی پلٹ دوست شعیب کو قتل کر دیا ، وزیر آباد کے نواحی قصبہ رسول نگر میں دربار بابا گلاب شاہ کے قریب سگریٹ کے لیے دسویں کے طالبعلم علی رضا نے ہمسایہ سخاوت عباس سے 10 روپے ادھار مانگے ، جھگڑا ہوگیا، سخاوت نے علی رضا کو ڈنڈوں سے قتل کردیا، فیصل آباد میں جوہر کالونی میں ڈکیتی کی وارداتوں کے دوران ڈاکوؤں نے باپ لیاقت کی آ نکھوں کے سامنے بیٹے شفیق کوسر میں گولیاں ما ر کر قتل کر دیا ۔