لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آرمی چیف یا ایجنسیوں کے لوگوں سے ملنا کوئی گناہ نہیں،مریم نواز نے میرے خلاف بات کی تو بتادیا کہ ایک نہیں دو ملاقاتیں ہوئیں، شہبازشریف کیساتھ ایک ہی ٹیبل پرکھانا کھایا۔چینل 92نیوز کے پروگرام’’ ہوکیارہا ہے ‘‘ میں میزبان فیصل عباسی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ آج فیصل آباد یا ہفتے کو لاہور میں مزید باتیں بتائونگا، میں پھٹنے والا ہوں۔ بلاول کیا جانے نیشنل سکیورٹی کیا ہوتی ہے ۔ پی پی کی شیری رحمٰن نے میٹنگ کے دوران خود احتجاج کیا کہ وزیراعظم کو بھی ہونا چاہئے تھا ۔ مجھے عسکری قیادت سے ملاقات پر فخر ہے ۔ یہ لوگ چوں چوں کررہے تھے تومیں نے چاں کردی، اندر یہ 90 کے زاویے پر لیٹے ہوتے اور باہر آکر باتیں کرتے ہیں۔ میٹنگ میں شہبازشریف کیساتھ گپ شپ ہوئی، سیاسی با تیں کی گئیں، آرمی چیف نے کھل کرباتیں کیں، کہاکہ ادھر تو آپ کہتے ہیں کہ رسہ ڈال کر گھسیٹوں گا ۔آرمی چیف نے فضل الرحمٰن کے بیٹے اسعد محمود سے کہاکہ آپکے والد نے جب صدارت کا الیکشن لڑنا ہوتو اسمبلی حلال ہوجاتی ہے ۔ شہبازشریف اپنے بندے ۔ آج ن لیگ اور ش لیگ کا پہلا دن ہے کیونکہ مریم نواز نے کہا کہ ن لیگ کا کوئی بندہ نہیں ملا۔آرمی چیف اور ڈی جی آئی ایس آئی سے احسن اقبال اورخواجہ آصف ایک کونے میں کھڑے لمبی بات کررہے تھے ۔ نوازشریف نے اپنا صفحہ خود پھاڑا ، مریم نے والد کو یہاں تک پہنچایا ۔ تجزیہ کار عارف نظامی نے کہا کہ شیخ رشید نے اپوزیشن کو کافی متاثرکیا ، شہبازشریف کی یہ جرأت نہیں کہ وہ نوازشریف کی پیٹھ میں چھرا گھونپ کر وزیر اعظم بننے کا سوچے بھی سکیں،وہ خود کچھ بھی نہیں ۔نوازشریف نے فوج کیساتھ ایک چینل کھلا رکھا ہوا جو کام آیا۔ عمران خان کہتے ہیں کہ وہ ان چوروں کو نہیں بلائیں گے لیکن فوج انہیں کھانے پر بلاتی ہے ، اسکا کیا مطلب ہے ۔ مریم نواز کرشماتی شخصیت ، پچھلی پیشی پر 36لاکھ جبکہ اب دو اڑھائی لاکھ روپے والی جوتی پہنی ہوئی تھی۔