پشاور(92نیوز،92نیوز رپورٹ)خیبرپختونخوا کے وزیر صحت و خزانہ تیمور سلیم خان جھگڑا نے دعویٰ کیا ہے کہ پی ڈی ایم کے پشاور جلسے میں پیسے دے کر لوگوں کو لایا گیا جو صوبے میں کورونا وائرس پھیلانے کی سازش تھی جس کے نتائج سب کو بھگتنا پڑیں گے ۔ تیمور سلیم جھگڑا نے سوشل میڈیا پر ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں مبینہ طور پر اے این پی کے رہنما پیسے دے رہے ہیں۔وزیر صحت نے سوشل میڈیا پرشیئر کی گئی پوسٹ میں دعویٰ کیا کہ اپوزیشن نے لوگوں کو پیسے دے کرجمع کیا اور کورونا پھیلایا۔ وزیر صحت نے لوگوں کو رقم کی ادائیگی کی تصاویر شیئرکرتے ہوئے استفسار کیا کہ کورونا پھیلانے کا کیا ریٹ مقرر تھا ۔ادھر اے این پی کے ترجمان زاہد خان نے 92 نیوز سے گفتگو میں وزیر صحت تیمورسلیم جھگڑا کے اس دعویٰ کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن کے پاس اتنے وسائل نہیں کہ وہ لوگوں کو پیسے دے کر جلسے کرے ۔