اسلام آباد،جنیوا ، جدہ(خبر نگار خصوصی ،این این آئی ) ملک میں پولیو کا ایک اور کیس سامنے آ گیا ہے ۔ بچے کا تعلق کراچی سے ہے ۔بچے کے نمونے 20 جون کو لیبارٹری بھجوائے گئے تھے ، ترجمان انسداد پولیو مہم کے مطابق پولیو کا شکار ہونے والے بچے کی عمر سات ماہ ہے ۔ملک میں رواں سال پولیو کیسوں کی تعداد 57 ہوگئی ہے ۔دریں اثنااسلامی ترقیاتی بینک (آئی ایس ڈی بی) نے پولیو کے خاتمے کے پروگرام میں مزید شراکت کے طور پر پاکستان کو 6 کروڑ ڈالر کے ضمنی فنڈ کی منظوری دے دی ہے ۔ اس میں 3 کروڑ 90 لاکھ ڈالر کا اسلامی ترقیاتی بینک مرباہا اور آئی ایس ڈی بی کے زیر انتظام زندگی اور معاش کا فنڈ (ایل ایل ایف) کی طرف سے 2 کروڑ 10 لاکھ ڈالر کی گرانٹ بھی شامل ہے ۔ ادھر جنیوا میں پولیو وائرس کے بین الاقوامی پھیلاؤ سے متعلق ہیلتھ ریگولیشنز کے تحت ہنگامی کمیٹی کے 25 ویں اجلاس نے مشاہدہ کیا کہ پاکستان اور افغانستان میں ٹرانسمیشن کے خاتمے کے لیے ابھی بھی بہت زیادہ کام کرنا باقی ہے ۔بیان میں کہا گیا کہ ڈبلیو پی وی ون ٹرانسمیشن وسیع پیمانے پر جاری ہے جبکہ جنوبی خیبر پختونخوا میں ایک نیا ڈبلیو پی وی ون ذخائر بن گیا ہے اور کراچی اور کوئٹہ بلاک کے چند علاقوں میں بلا تعطل ٹرانسمیشن جاری ہے ۔