لا ہور(گوہر علی)مرغی کی گوشت کی قیمت کے تعین پر حکومت اور پولٹری تنظیمیں آمنے سامنے آ گئیں، برائلر ٹریڈرز ایسوسی ایشن نے آج لائحہ عمل مرتب کرنے کیلئے اجلاس طلب کرلیا ہے جبکہ پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن نے حکومت کی طرف سے مرغی کے گوشت کا نرخ مقرر کرنے کا مطالبہ تسلیم کرنے سے انکار کردیا ہے ، دوسری طرف برائلر فامرز ایسوسی ایشن نے حکومت کے مطالبات کو مسترد کرنے کا اعلان کردیا ہے ،پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے گزشتہ روز وزیر صنعت و تجارت میاں اسلم اقبال سے مذاکرات ہوئے ،پاکستان پولٹری ایسوسی ایشن کے سابق چیئر مین رضا خورسند نے بتایا کہ یہ مذاکرات کامیاب نہیں ہوسکے ہیں اب پیر کو دوبارہ ہماری سیکرٹری لائیو سٹاک سے ملاقات ہوگی ،انہوں نے کہاکہ نوماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت لاگت سے بھی کم ہوتی ہے ، تین ماہ میں مرغی کے گوشت کی قیمت سے ہی فارمر اپنی لاگت وصول کرتاہے ، ہم حکومت کی طرف سے مرغی کے گوشت کی قیمت مقرر کرنے کا فیصلہ تسلیم نہیں کرتے ۔پنجا ب کے علاوہ تینوں صوبوں میں مرغی کے گوشت کی قیمت چار سو روپے سے زائد ہے ، برائلر فامرز ایسوسی ایشن پنجاب کے جنرل سیکرٹری ملک خرم شہزاد نے بتایا کہ ہم اپنالائحہ عمل کل مرتب کریں گے لیکن فارمر کے ساتھ ناانصافی نہیں ہونے دیں گے ،حکومت کے زمینی حقائق کے منافی فیصلے تسلیم نہیں کرتے ، پولٹری انڈسٹری بحران کا شکار ہے ، حکومت غیر ضروری اقدامات سے گریز کرے ، برائلر ٹریڈرز ایسوسی ایشن کے صدرطارق جاوید نے کہاکہ آج ہم نے اپنا اجلاس بلا یا ہے ،اگر ہمارے مطالبات تسلیم نہ کئے گئے تو پنجاب بھر میں ہڑتال کریں گے ، ہم پر غیر ضروری دبائو نہ ڈالا جائے ۔