لاہور(میاں رئوف) پنجاب پولیس کے افسران و اہلکا روں کے خلا ف زیر التوا سنگین انکوائریوں کی تفصیلات طلب کر لی گئیں،رپورٹ پرفارمہ کی صورت میں سی پی او آفس بھجوائی جائیں گی جس کے بعد جزا و سزا کے عمل میں تاخیر کا سبب بننے والے افسروں کے خلاف کارروائی کی جائیگی ۔ذرائع کے مطابق مختلف حوالوں سے سامنے آنے والی رپورٹس میں آئی جی پنجاب کے علم میں آیا ہے کہ پنجاب بھر میں افسروں ، اہلکاروں کے خلاف جزا و سزا کا عمل تعطل کا شکار ہو چکا ہے جس کی بنیادی وجہ محکمانہ سطح پر شروع کرائی گئی محکمانہ انکوائریوں کا بروقت مکمل نہ ہونا اور فرائض میں غفلت کے مرتکب انکوائری آفیسرز کے خلاف کسی قسم کی کارروائی نہ ہوناہے ۔ آئی جی پنجاب نے تمام افسروں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے اپنے سرکلز میں موجود زیر التوا محکمانہ انکوائریوں کی تفصیلات سے آگاہ کریں، جس میں بتایا جائے کہ کس افسر کے پاس کتنی انکوائریاں التوا کا شکار ہیں، انکوائریاں بروقت مکمل نہ ہونے کی وجوہات کیا ہیں ، انکوائریوں کی موجودہ پوزیشن کیا ہے ، کیا افسر انکوائریوں پر اثر انداز ہوئے بغیر کسی نئی جگہ پر تعینات تو نہیں کر دئیے گئے اور اگر ایسا ہوا ہے تو یہ احکامات کس اتھارٹی کے کہنے پر جاری کئے گئے ۔