مکرمی ! کورونا وائرس نے ا س وقت پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے ۔ دنیا انسانوں کیلئے خود ساختہ زندان بن چکی ہے اس عالمی آفت نے دنیا کا نظام زندگی تہہ و بالا کر کے رکھ دیا ہے دنیا مفلوج ہو چکی ہے۔۔ اس وقت کورونا وائرس کے مریضوں اور ہلاکتوں کی تعد ادہمارے ملک میں دوسرے ملکوں کی نسبت بہت کم ہے جس کا سارا کریڈٹ حکومت ، انتظامیہ، پولیس، آرمی، ریسکیو 1122، رینجرز، ڈاکٹرز، نرسز، اور پیرا میڈیکل سٹاف کو جاتا ہے جو اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر اس موذی وائرس کے خلاف جنگی بنیادوں پر لڑ رہے ہیں۔ محکمہ پولیس اس وقت کورونا کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن کا کردار ادا کر رہی ہے۔اسی طرح پاکستان کے تمام صوبوں کی پولیس بھی اپنی عوام کو اس عالمی وباء سے بچانے کیلئے دن رات چوکوں اور بازاروں میں بھوک پیاس کی پرواہ کئے بغیر اپنی ذمہ داریاں تند دہی اور خوش اسلوبی سے ادا کر رہی ہے جسے عوام کی نظروں میں قدر کی نگاہ سے دیکھا جا رہا ہے ۔ وزیر اعظم پاکستان نے جیسے ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل سٹاف کیلئے ایک اضافی تنخواہ کا اعلان کیا ہے اسی طرح محکمہ پولیس کے افسران و اہلکاروں کیلئے بھی ایک تنخوا ہ کا اعلان کرنا چاہیے کیوں کہ ہمارے ملک میں کورونا کے مریضوں کے اعداد و شمار دیگر مغربی اور جنوبی ایشیا کے ممالک سے بہت کم ہے ۔ جس کا تمام کریڈٹ محکمہ پولیس اور شعبہ صحت سے وابستہ اداروں کو جاتا ہے جو اپنی جان کی پرواہ کئے بغیر محدود وسائل اس عالمی وباء کے خلاف ہر اول دستے کا کردار بخوبی انجام دے رہے ہیں۔ (ذیشان حیدر سرگودھا)