لاہور(نامہ نگار خصوصی)لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب پولیس کے غیر قانونی اقدامات اور تشدد سے ہلاکتوں کے خلاف درخواست پر دفتری اعتراض ختم کرکے ریگولر سماعت کے لیے مقرر کرنے کا حکم دے دیا۔جسٹس سردار احمد نعیم نے ایڈوکیٹ ندیم سرود کی درخواست پر سماعت کی جس میں وفاقی حکومت،پنجاب حکومت ، آئی جی پنجاب اور آر پی او بہاولپور کو فریق بناکرموقف اختیار کیاگیا کہ رواں سال پولیس کے تشدد سے 7 افراد زندگی کی بازی ہار چکے ہیں، پولیس نے نجی ٹارچر سیل قائم کر رکھے ہیں جہاں اذیت ناک تشدد کیا جاتا ہے ،پولیس کے تشدد سے صلاح الدین زندگی کی بازی ہار گیا ،ریاست عوام کو تحفظ دینے میں ناکام ہو چکی ۔لاہورہائیکورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس مامون رشید شیخ کی سربراہی میں پانچ رکنی بنچ نے قرض حاصل کرنے والوں کی جائیدادیں نیلام کرنے کے طریقہ کار سے متعلق درخواست پر مزید سماعت 30ستمبر تک ملتوی کرتے ہوئے وکلا کو مزید بحث کیلئے طلب کرلیا۔اٹارنی جنرل انور منصور علی اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل چودھری اشتیاق خان عدالت پیش ہوئے ۔