لاہور (سپیشل رپورٹر)ایڈیشنل آئی جی پنجاب ہائی وے پٹرول کنور شاہ رخ نے گمشدہ بچوں کو ورثاء کے حوالے کرنے والے تمام ملازمین کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے انہیں یہ سماجی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت کی ہے ۔ پنجاب ہائی وے پٹرول نے ماہ جون 2018 میں 39 گمشدہ بچوں کو ورثاکے حوالے کیا ہے ۔ تفصیل کے مطابق دوران گشت شاہرات پر ورثاء کے بغیر ملنے والے بھولے بھٹکے ، گمشدہ، والدین سے بچھڑ جانے والے ، گھریلو نا چاقی پر گھر سے بھاگ جانے والے اور اغوا شدہ بچوں کو انکے ورثاء کے حوالے کیا۔ شاہرات پر جرائم کے خاتمے کے ساتھ ساتھ پنجاب ہائی وے پٹرول اپنی سماجی ذمہ داری نبھاتے ہوئے اس طرح کے بچوں کے ورثاء کو تلاش کر کے انکے حوالے کرتی ہے تاکہ یہ بچے جرائم پیشہ عناصر کے ہتھے نہ چڑھ جائیں۔ گزشتہ ماہ لاہور ریجن میں 5 ،گوجرانوالہ ریجن میں 6 ، فیصل آباد ریجن میں 5 ، سرگودھا ریجن میں 2 ، راولپنڈی ریجن میں 5، ملتان ریجن میں 7 ، ڈیرہ غازی خان ریجن میں 8 اور بہاولپور ریجن میں 1 بچہ ورثاء کی تلاش کے بعد انکے حوالے کیاگیا۔