لاہور، اسلام آباد (کر ائم ر پو ر ٹر ، 92نیوز رپورٹ) پولیس نے پی آئی سی حملے میں ملوث وزیراعظم کے بھانجے حسان نیازی کی گرفتاری کیلئے ان کی رہائشگاہ پر چھاپہ مارا۔ ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کے مطابق حسان نیازی کے گھر گزشتہ روز چھاپہ مارا گیا تو وہ پہلے ہی فرار ہو گئے تھے تاہم ان کی گرفتاری کیلئے ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ حسان نیازی کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔ گرفتاریوں کے حوالے سے ہم پر کوئی دباؤ نہیں، جس نے بھی قانون شکنی کی اسے گرفتار کیا جائے گا۔ادھر وزیراعظم کی معاون خصوصی فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ حفیظ اللہ نیازی کے صاحبزادے جلد قانون کی گرفت میں آئینگے ۔جس نے بھی قانون ہاتھ میں لیا،اسے کیفر کردار تک پہنچایا جائے گا، پارلیمنٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فردوس عاشق اعوان نے کہا قانون کی بالادستی یقینی بنائیں گے ، کسی کو بھی امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی اجازت نہیں ۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے پولیس نے حسان نیازی کوگھر پر چھاپہ مارنے سے قبل ہی اطلاع کر دی تھی، ذرائع کا کہنا ہے کہ لا ہو ر پو لیس کے ایک اعلیٰ افسر نے صرف چھاپہ مارنے کی ہدایت کی ،گرفتار کرنے سے روکا گیا ہے ۔