ساہیوال (ڈسٹرکٹ رپورٹر) ڈپٹی کمشنر محمد زمان وٹونے کہا ہے کہ پولیو کے خاتمے کیلئے ہر با شعور شہری کو ملی اور مذہبی فریضہ سمجھتے ہوئے یکجا ہو کراپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ پولیو کے مرض سے ایک بچہ ہی نہیں بلکہ پورا خاندان متاثر ہوتا ہے لہٰذا ہمیں ملک کے ہر نونہال کو اس موذی مرض سے بچانے کیلئے بھرپور اقدامات کرنے ہوں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گورنمنٹ حاجی عبدالقیوم ہسپتال میں پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی جو 21 سے 25 جنوری تک ضلع بھر میں جاری رہے گی۔اس موقع پر سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر، ڈی ایچ او ڈاکٹر سید اظہر نقوی، ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ذیشان عارف اور ایم ایس ڈاکٹر شاہد نذیر کے علاوہ والدین اور بچوں کی کثیر تعداد بھی موجودتھی۔انہوں نے کہا کہ علمائے کرام نماز جمعہ کے خطبوں میں خصوصی طور پر عوام میں پولیو کے خاتمے کیلئے لوگوں میں شعور اجاگر کریں کیونکہ معاشرے کے صاحب الرائے افراد کی معاونت کا پولیو کے خاتمے کی مہم میں کلیدی کردار ہے ۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق بشیر نے مہم کے تفصیلات بیان کرتے ہوئے بتایا کہ ضلع ساہیوال میں اس مہم کے دوران پولیو ویکسین پلانے کیلئے 5 سال سے کم عمر کے 4 لاکھ86 ہزار 6 سو 82 بچوں کا ٹارگٹ مقرر کیا گیا ہے جس کیلئے 934 موبائل ٹیمیں، 112 فکسڈ اور 89 ٹرانزٹ ٹیمیں تشکیل دے دی گئی ہیں۔