مکرمی!محکمہ صحت کے مطابق بلوچستان کے ضلع دکی میں 3 ماہ کے بچے میں پولیو وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔جس کے بعد بلوچستان میں رواں سال پولیو وائرس کے کیسز کی تعداد 13 ہو گئی۔دوسری جانب ترجمان انسداد پولیو پروگرام کے مطابق رواں سال ملک بھر میں پولیو کیسز کی مجموعی تعداد 30 ہو گئی ہے۔اس سے قبل 14 مارچ کو سندھ میں 48 ماہ کی بچی میں پولیو وائرس کی تشخیص ہوئی تھی۔11 مارچ کو بھی پولیو کے دو نئے کیسز سامنے آئے تھے۔پوری دنیا میں پولیو کاخاتمہ ہورہا ہے ہمارے ہاں بھی صورتحال حوصلہ افزا رہی تاہم اب بڑھتے ہوئے کیسز کے باعث پاکستان کو پابندیوں کا سامنا ہو سکتا ہے۔پاکستان میں جہاں پولیو کے خاتمے کی مہم چل رہی ہے وہیں کچھ لوگ مخصوص ایجنڈے یا کم علمی کے باعث اسکی مخالفت بھی کررہے ہیں۔کئی پولیو ورکرز اور ان کی حفاظت پر مامور افراد پر حملے ہوئے جن میں کئی جاں بحق بھی ہوئے۔اب پولیو مہم کی مخالفت کرنے والوں کیساتھ سختی سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔ (محمد عالمگیرتارڑ،شیخوپورہ )