پتوکی میں ریلوے لائن لنڈا بازار پھاٹک کھلا رہ جانے کی وجہ سے کار سوار دو سگے بھائی اور ان کی دلہنیں کراچی سے لاہور آنے والی خیبر میل کی زد میں آ کر جاں بحق اور دو افراد شدید زخمی ہو گئے‘ د علاقے کے لوگوں کا کہنا ہے کہ لنڈا بازار پھاٹک پر حادثات معمول بن چکے ہیں۔ حادثے کے روز بھی یہ پھاٹک گیٹ مین نے بند نہیں کیا جب کار پھاٹک کے قریب پہنچی تو پھاٹک کھلا تھا دوسری طرف سے ٹرین نے کار کے پرخچے اڑا دیے ۔اس حادثہ میں کوئی ایسا پہلو نہیں جس کی تحقیقات کی جائے‘ سب دیکھ رہے تھے کہ پھاٹک کھلا ہے جسے گاڑی کی آمد پر بند کرنا گیٹ مین کی ذمہ داری تھی ۔اس نے ایسا کیوں نہیں کیا یہ حادثہ واضح طور پر ریلوے ملازم کی غفلت کا نتیجہ ہے جس کی ذمہ داروں کو سزا ملنی چاہیے ۔دوسرے یہ کہ مذکورہ پھاٹک پر پہلے بھی اس قسم کے حادثات ہو چکے ہیں‘ ابھی تک اس سلسلہ میں کیوں غفلت بھرتی گئی جس کی وجہ سے دو نوبیاہتا جوڑے زندگی کی خوشیوں سے محروم ہو گئے۔ سوال یہ ہے کہ ریلوے انتظامیہ نے ابھی تک لنڈا بازار پھاٹک پر ہونے والے حادثات کا نوٹس کیوں نہیں لیا ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ نہ صرف متذکرہ پھاٹک پر حادثات کی روک تھام کی جائے بلکہ غفلت کے مرتکب اہلکاروں کے خلاف کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ اس قسم کے جانکاہ حادثات سے بچا جا سکے۔