شیخوپورہ (عظیم احمد یزدانی سے )فاروق آباد جاتری روڈ بھالیکے ریلوے پھاٹک پر ہونے والے ٹرین حادثہ کے بارے میں انکشاف ہوا ہے کہ بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر کوئی رضاکار بھی موجود نہیں تھا ، وین کے ڈرائیور نے سچا سودا جانے والے راستہ کی بجائے شارٹ کٹ سے جانا چاہا، سکھ فیملی کے ارکان گوردوارہ میں مذہبی رسومات ادا کرنے کیلئے جانا چاہ رہے تھے کہ مذکورہ ریلوے پھاٹک پر حادثہ پیش آ گیا۔ ذرائع کے مطابق وزارت ریلوے نے لاک ڈاؤن کے باعث ٹرینیں بند کیں تو ساتھ ہی انہوں نے بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ پر تعینات رضا کاروں کو بھی فارغ کردیا اور جب دوبارہ ٹرینیں بحال ہوئیں تو انہوں نے رضاکاروں کی دوبارہ تعیناتی کیلئے محکمہ سول ڈیفنس سے رجوع نہ کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ لاہور سے لیکر صفدر آباد تک 20سے بغیر پھاٹک ریلوے کراسنگ ہیں جن پر محکمہ ریلوے کے ملازمین تعینات ہیں نہ ہی رضا کاروں کی تعیناتی یقینی بنائی گئی ، ضلع شیخوپورہ میں مجموعی طور پر ایسے کراسنگز کی تعداد 150 سے زائد بتائی جارہی ہے جہاں پر سکیورٹی اور باقاعدہ ملازمین کی تعیناتی اور پھاٹک بنائے نہیں گئے ، اس سے قبل بھی ایسے پھاٹکوں پر کئی دلخراش حادثات پیش آچکے ہیں ۔