فیصل آباد (اے پی پی)وزیر مملکت اطلاعات و نشریات فرخ حبیب نے کہا ہے کہ کورونا کی وجہ سے دنیا کی معیشتیں بیٹھ گئیں لیکن پاکستان میں عمران خان کی کامیاب حکمت عملی کے باعث نہ صرف معیشت ترقی کرتی رہی بلکہ زندگیوں اور روز گار کو بھی تحفظ ملا، ن لیگ کی غلط پالیسیوں سے برآمدات ، سروسز سمیت ہر شعبہ نقصان میں تھا،عمران خان کی قیادت میں برآمدات بشمول سروسز میں 31 ارب ڈالر کا اضافہ ہوا، لنڈے کے سوغات سوات کے عوام کو گمراہ کرنے میں کامیاب نہیں ہوسکے ، سوات کے غیور عوام عمران خان کا ہر اول دستہ ہیں، اپوزیشن ہارنے کے ڈر سے الیکٹرانک الیکشن مشینز (ای وی ایم )سے بھاگ رہی ہے ۔ وہ اتوار کو سرکٹ ہائوس فیصل آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔فرخ حبیب نے کہا ماضی میں حکمران منی لانڈرنگ کرتے اورملک سے پیسہ چوری کرکے باہر بھجواتے اور اسی لوٹی ہوئی دولت سے اپنے بچوں کو کاروبار کراتے تھے ۔ انہوں نے کہا عمران خان نے بیرون ممالک میں کوئی جائیدادیں بنائیں اور نہ ہی منی لانڈرنگ کی اور نہ ہی جعلی اکائونٹس کا سہارا لیا۔انہوں نے کہا پہلی بار ایسا ہو رہا ہے کہ ڈالر ملک سے جانے کے بجائے ملک میں آ رہے ہیں۔فرخ حبیب نے کہا بلاول صرف سیر سپاٹے کیلئے امریکہ جارہے ہیں اور وہ ’’نوکری دو، اڈے لو‘‘ سمیت جتنی بھی آفرز کرلیں ،انہیں امریکہ سے کچھ نہیں ملے گا اور وہ خالی ہاتھ ہی واپس لوٹیں گے ۔فرخ حبیب نے کھلی کچہری میں عوامی مسائل بھی سنے ۔