کراچی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے سیزن کے ایک میچ میں ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 7 وکٹ سے شکست دے دی۔ جبکہ دوسرے میچ میں پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو3 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ کوئٹہ کی ٹیم 198 رنز بنا کر بھی ہار گئی۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز کھیلے جانیوالے پہلے میچ میںلاہور قلندرز نے جیت کے لیے 158 رنز کا ہدف دیا جو ملتان سلطانز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 16.2 اوورز میں حاصل کرلیا۔محمد رضوان نے 49 گیندوں پر 76 رنز کی اننگز کھیلی، جبکہ صہیب مقصود نے ناقابل شکست 61 رنز بنائے ۔ لاہور قلندرز کے خلاف ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور فخر زمان اور کپتان سہیل اختر نے اننگز کا آغاز کیا ۔ قلندر کے سہیل اختر آئوٹ ہونیوالے پہلے کھلاڑی تھے وہ 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے ۔ فخر زمان نے 9جو ڈینلی 31 رنز ، محمد حفیظ 60 رنز کی اننگز کھیل کر آؤٹ ہوئے ۔ اس طرح قلندرز کی ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے ۔ملتان سلطانز کے شاہنواز دھانی اور کارلوس بریتھویٹ نے 2، 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز کے کرس لین پہلے ہی اوور میں صفر پر چلتے بنے ۔تا ہم کپتان محمد رضوان کی 76 رنز کی اننگزاورصہیب مقصود کے 61 رنز کی بدولت سلطانز نے ہدف 16 اعشاریہ 2 اوورز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔محمد رضوان مین آف دی میچ رہے ۔یاد رہے کہ یہ ملتان سلطانز کی پہلی جیت جبکہ قلندرز کی پہلی ہار تھی۔گزشتہ روز کے دوسرے میچ میں زلمی نے گلیڈی ایٹرزکو 3 وکٹوں سے ہرا دیا ۔ پشاور زلمی نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی ٹیم کپتان سرفراز احمد اور اعظم خان کی جارحانہ بیٹنگ کی بدولت مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں پر 198 رنز بنانے میں کامیاب رہی ۔سرفراز احمد نے 12 چوکوں اور 1 چھکے کی بدولت 81 رنز کی اننگز کھیلی جبکہ اعظم خان 6 چوکوں اور 2 چھکوں کی بدولت 47 رنز بنانے میں کامیاب رہے ۔ زلمی کی طرف سے ثاقب محمود نے 3 وہاب ریاض نے 2 جبکہ محمد عمران نے 1 وکٹ حاصل کی ۔ جواب میں پشاور زلمی نے ہدف آخری اوور میں حاصل کر لیا ۔ دلچسپ میچ میں زلمی کو آخری اوور میں 6 گیندوں پر 6 رنز درکار تھے کہ محمد حسنین نے وائڈ بال کرتے ہوئے چوکا کرا دیا جس کے بعد کوئٹہ نے میچ باآسانی جیت لیا۔ کوئٹہ کی طرف سے حیدر علی 50 جبکہ امام الحق 41 رنز بنا کر نمایاں رہے ۔ڈیل سٹین نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔