لاہور(سپورٹس رپورٹر)پی سی بی کی کراچی لیگ کے آئندہ میچوں میں 50 فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت ، ٹکٹوں کی فروخت بھی شروع ہو گئی، پاکستان کرکٹ بورڈ نے ایچ بی ایل پاکستان سپر لیگ 6 میں شامل کراچی لیگ کے آئند میچوں کے لیے پچاس فیصد تماشائیوں کو سٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دینے پر نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشنز سنٹر (این سی اوسی) کا شکریہ ادا کیا ہے ۔ایونٹ کے پلے آف اور فائنل کے لئے مکمل تماشائیوں کو داخلہ کی اجازت دے دی گئی ہے ۔تاہم ایونٹ میں شامل لاہور لیگ کے میچز سے متعلق ٹکٹوں کی فروخت وغیرہ کافیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔پی سی بی میں منعقدہ اجلاس میں این سی او سی کے فیصلہ کا جائزہ لیا گیا۔ اس سلسلے میں کراچی لیگ کے آئندہ میچوں کے لیے ٹکٹ کی آن لائن فروخت جمعرات کی رات 10 بجے سے شروع ہوگئی۔ کرکٹ شائقین پہلے سے اعلان کردہ ویب سائٹ پر ٹکٹیں خرید سکتے ہیں۔چیف ایگزیکٹو پی سی بی وسیم خان کاکہنا ہے کہ شائقین پاکستان سپر لیگ کا اثاثہ ہیں اور ان کی موجودگی کے بغیر یہ ایونٹ نامکمل ہے ۔ اس پس منظر میں پی سی بی این سی او سی کا مشکور ہے کہ جس نے تمام راؤنڈ میچز کے لیے 50 فیصدتک اورپلے آف اور فائنل کیلئے 100 فیصدتک تماشائیوں کو اسٹیڈیم میں داخلے کی اجازت دی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس موقع پر وہ بطور چیف ایگزیکٹو پاکستان کرکٹ بورڈ تمام کرکٹ فینز سے درخواست کرتے ہیں کہ وہ کراچی اور لاہور کے اسٹیڈیمز میں داخل ہوتے وقت مقررہ تمام ایس او پیز پر عملدرآمد کریں کیونکہ یہ ایس او پیز صرف ان کے لیے ہی نہیں بلکہ اسٹیڈیم میں موجود دیگر شائقین کی صحت اور حفاظت کے لیے بھی بنائے گئے ہیں۔