کراچی (سٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ احتساب کے نام پرسندھ کے افسران کو نشانہ بنایا جارہا ہے ،نیب کے خوف وہراس نے سندھ کی صورتحال خطرناک حد تک خراب کردی،خوفزدہ افسران کام کرنے کو تیارنہیں،کراچی میں پی ایس ایل میچزکا چیلنج قبول ہے ،بھارت کیخلاف کامیابی کی وجہ قوم کا اتحاد ہے ،ملکی دفاع کیلئے سب حکومت کیساتھ ہیں،ان خیالات کا اظہارانہوں نے مقامی ہوٹل میں کراچی لٹریچرفیسٹیول کی اختتامی تقریب میں سندھ کی معیشت کے حوالے سے اظہارخیال اورمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا،پینل میں مراد علی شاہ،سابق گورنرسٹیٹ بینک ڈاکٹرعشرت حسین اورڈاکٹرشمشاد سے سندھ کی معیشت پرسوالات پوچھے گئے ،مراد علی شاہ نے مختلف سوالوں کے جواب میں کہا کہ احتساب کے نام پرسندھ کے افسران کو نشانہ بنایا جارہا ہے ،نیب کے خوف وہراس نے سندھ کی صورتحال خطرناک حد تک خراب کردی،خوفزدہ افسران کام کرنے کو تیارنہیں،افسران کوتحفظ دیکرصورتحال سنبھالنا ہوگی،انکا مزید کہنا تھا کہ بھارت اپنے اندرونی خلفشاراورذاتی مفاد کیلئے خطے کا امن سبوتاژکرنا چاہتا ہے مگرہماری مسلح افواج نے انکو بھرپورجواب دیا،وفاقی حکومت سے اختلافات ہوسکتے ہیں لیکن ملک کے دفاع کیلئے ہم انکے شانہ بشانہ ہیں جبکہ انڈیا میں ایسا نہیں ،انہوں نے مزید کہا کہ کراچی کی معیشت،سماجی زندگی اورتعلیم سب امن وامان کی نذرہوگیا،ہم نے ٹارگٹڈ آپریشن کے ذریعے امن بحال کیا،کراچی کی تعمیرنو پرایک ٹریلین روپے خرچ کیے گئے اب شہرترقی کی راہ پرگامزن ہے ،پی ایس ایل کے حوالے سے وزیراعلیٰ نے کہا کہ میں نے 2 سال قبل کراچی کیلئے ایک میچ مانگا تھا مگراب تو سارے میچ کراچی میں ہونے جارہے ہیں جو ہمارے لئے چیلنج ہے اور ہم انشاء اﷲ یہ چیلنج قبول کریں گے ۔